اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) معروف سرمایہ کاری بنکوں، فنڈز اور ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کے نمائندوں کے ایک وفد نے وفاقی وزیر برائے نجکاری فواد حسن فواد سے نجکاری ڈویژن میں ملاقات کی۔ وفد کو ٹرانس نیشنل ریسرچ کارپوریشن نے ترتیب دیا تھا اور اس میں فیڈیلیٹی انویسٹمنٹس، مورگن اسٹینلے انویسٹمنٹ مینجمنٹ، بیرنگز اور ولیم بلیئر انویسٹمنٹ مینجمنٹ کے نمائندے بھی شامل تھے۔ وفاقی وزیر نے گروپ کو موجودہ حکومت کے سرمایہ کاری اور ایس او ایز کی نجکاری کے وژن کے ساتھ ساتھ نجکاری کمشن کے کام اور نجکاری کے موجودہ ایجنڈے کے بارے میں بتایا۔ پی آئی اے سی ایل، روزویلٹ ہوٹل، فرسٹ ویمن بنک اور ایچ بی ایف سی کی نجکاری کے عمل اور توقعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔