انسان دوست امریکی جج کیپریو کینسر میں مبتلا، روتے ہوئے دعاؤں کی اپیل

Dec 10, 2023 | 10:57

عالمی شہرت یافتہ امریکی سابق جج فرینک کیپریو کینسر میں مبتلا ہو گئے، وہ سوشل میڈیا صارفین سے مکمل صحت یابی کے لیے دعاؤں کی درخواست کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئے۔سابق جج فرینک کیپریو اپنے منصفانہ فیصلوں، عدل و انصاف، رحم دلی کے لیے دنیا بھر میں مشہور ہیں۔ان کی مختلف عدالتی سماعتوں کی کئی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہیں اور دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے لاکھوں صارفین انہیں ’دنیا کا بہترین جج‘ قرار دیتے ہیں۔حال ہی میں انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پیغام اپنے مداحوں سے شیئر کیا ہے جس میں انہیں دعاؤں کی اپیل کرتے ہوئے آبدیدہ ہوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں بتایا ہے کہ انہوں نے حال ہی میں 27 نومبر کو اپنی 87 ویں سالگرہ منائی تاہم یہ سالگرہ دیگر تمام سالگرہ سے مختلف تھی کیونکہ کینسر کی تشخیص ہوئی ہے۔انہوں نے سالگرہ کے موقع پر موصول ہونے والی مبارک باد اور نیک تمناؤں پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنی صحت یابی کے لیے دعاؤں کی اپیل کی اور بتایا کہ میں امریکا کے 2 مختلف اسپتالوں میں زیرِ علاج ہوں، ڈاکٹر اپنا کام کر رہے ہیں لیکن اس کے ساتھ ہی دعاؤں کی بھی سخت ضرورت ہے کیونکہ اس مشکل وقت میں دعاؤں سے بڑھ کر اور کوئی ہتھیار نہیں ہے۔واضح رہے کہ فرینک کیپریو رواں سال کے آغاز میں 40 برس تک خدمات انجام دینے کے بعد اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے تھے۔انہوں نے رہوڈ آئی لینڈ کی میونسپل کورٹ میں بطور چیف جج اور رہوڈ آئی لینڈ بورڈ آف گورنرز اینڈ ایجوکیشن میں بطور چیئرمین خدمات انجام دیں۔

مزیدخبریں