توشہ خانہ 2 کیس: بشریٰ کے وارنٹ معطل، بانی پی ٹی آئی، فیملی اور رہنماؤں میں تکرار 

Dec 10, 2024

راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ کیس دو کی سماعت کے موقع پر بانی پی ٹی آئی، فیملی اور دیگر رہنماؤں میں تکرار ہو گئی۔ ذرائع کے مطابق تکرار بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی، علیمہ خان، فیصل چودھری، بیرسٹر گوہر اور مشال یوسفزئی میں ہوئی۔ پی ٹی آئی رہنماؤں میں تکرار 24 نومبر کے احتجاج پر ہوئی۔ احتساب عدالت نے توشہ خانہ 2 کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی پر فرد جرم گزشتہ روز بھی عائد نہیں کی جبکہ 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں ملزمان نے 342 کے سوالنامے کے جواب داخل کرا دیئے۔ اڈیالہ جیل میں خصوصی جج سینٹرل شاہ رخ نے سماعت کی۔  عدالت نے ملزموں پر فرد جرم عائد کرنے کے لیے سماعت 12 دسمبر تک ملتوی کردی جبکہ بشریٰ بی بی کی پیشی کے بعد وارنٹ گرفتاری بھی منسوخ کر دیئے۔ ملزمان کی استدعا پر ایف آئی اے دریافت کی رپورٹ کی نقول فراہم کر دی گئیں۔ 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس آخری مراحل میں داخل ہو گیا۔ 

مزیدخبریں