ساﺅتھ ایشین گیمز ختم : پاکستان 80 میڈلز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا

ڈھاکہ (سپورٹس ڈیسک) 11 ویں جنوبی ایشیائی کھیل بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں اختتام پذیر ہوگئے۔ اختتامی تقریب کے موقع پر آتشبازی کا شاندار مظاہرہ کیاگیا اور ثقافتی شو بھی پیش کیاگیا۔ اختتامی تقریب کے موقع پر بیس ہزار تماشائی موجود تھے۔ اختتامی تقریب کے موقع پر بنگلہ دیش کے صدر مہمان خصوصی تھے۔ چیف آف آرمی سٹاف اور صدر بنگلہ دیش اولمپک ایسوسی ایشن عبدالمبین نے کھیلوں کے خاتمے کااعلان کیا۔ جنوبی ایشیائی سپورٹس کونسل کا پرچم بھارتی اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر سریش کماڈی کے حوالے کیاگیا۔ بھارت 2013 یا 2014 میں 12 ویں جنوبی ایشیائی کھیلوں کا میزبان ہوگا۔ بھارت نے 90 گولڈ 55 سلور اور 29 برونز میڈل کے ساتھ اپنی برتری ثابت کردی۔ پاکستان 19 گولڈ 25 سلور اور 36 برونز میڈل کے ساتھ دوسرے جبکہ میزبان بنگلہ دیش 18 گولڈ 23 سلور اور 56 برونز میڈل کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔ پاکستان کی اتھلیٹکس مقابلوں میں برتری رہی آخری روز بھارت کی مدھو ریکا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیبل ٹینس ایونٹس میں چار گولڈ میڈل جیت لئے۔ مدھوریکا نے تین انفرادی مقابلوں میں گولڈ اور ٹیم ایونٹ میں طلائی تمغہ حاصل کیا۔

ای پیپر دی نیشن