سکیورٹی فورسز کی باجوڑ‘ خیبر ایجنسی میں کارروائی‘ 12 شدت پسند گرفتار‘ 22 کمپاونڈ تباہ

Feb 10, 2010

سفیر یاؤ جنگ
پشاور (آن لائن + اے پی پی) سکیورٹی فورسز نے باجوڑ، مہمند، خیبر ایجنسی اور دیر میں کارروائی کرتے ہوئے 12 شدت پسندوں کو گرفتار کر لیا جبکہ ان کے 22 کمپاﺅنڈ تباہ کر دئیے گئے، شدت پسندوں سے جھڑپوں کے نتیجے میں ایک بچہ جاںبحق‘ تین افراد زخمی ہو گئے۔ ترجمان ایف سی کے مطابق مہمند ایجنسی کے علاقے بایاں خیل اور قیوم آباد میں سکیورٹی فورسز نے تلاشی آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے دو کمپاﺅنڈ تباہ کر دئیے۔ حلمزئی قبیلے کا ایک گرینڈ جرگہ ہوا جس میں بڑی تعداد میں قبائلیوں نے شرکت کی اور جرگہ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی، باجوڑ ایجنسی میں تلاشی آپریشن کے دوران ڈمہ ڈولہ اور بیدہ کے علاقوں میں دہشت گردوں کے 20 خفیہ ٹھکانے اور کمپاﺅنڈ تباہ کر دئیے گئے اور وہاں سے بھاری مقدار میں اسلحہ و ایمونیشن برآمد کر لیا گیا ہے، سکیورٹی فورسز نے معمول کی گشت کے دوران چھ مشتبہ دہشت گردوں کو بھی حراست میں لے لیا، خیبر ایجنسی میں دہشت گردوں نے راکٹوں اور چھوٹے ہتھیاروں سے لنڈی کوتل کے قریب سکیورٹی فورسز پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک بچہ جاںبحق اور تین افراد زخمی ہو گئے۔
مزیدخبریں