پی آئی اے کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سےعلامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ لاہور پر تیسرے روز بھی احتجاج جاری رہا۔ پروازوں کے شیڈول متاثر ہونے سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

پی آئی اے کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی کال پر ملازمین نے لاہورایئرپورٹ پر احتجاج جاری رکھا ۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں نے الزام لگایا کہ انتظامیہ نے ان کے ایئرپورٹ کی حدود میں داخلے پر پابندی عائد کر دی جس کی وجہ سے وہ ایئرپورٹ کی پارکنگ کے باہر اپنا احتجاج ریکارڈ کررا رہے ہیں ۔ مظاہرے کے شرکا نے ہاتھوں میں سیاہ جھنڈے اٹھا رکھے تھے اور وہ پی آئی اے کے ایم ڈی کے خلاف نعرہ بازی کر رہے تھے۔ دوسری جانب پیپلز یونٹی کے ایک گروپ نے بھی ایم ڈی اعجاز ہارون کے حق میں ریلی نکالی۔ اس طرح دونوں گروپ آمنے سامنے آگئے اور سخت جملوں کا تبادلہ ہوا لیکن ایئرپورٹ سیکورٹی فورس کی وجہ سے تصادم کی نوبت نہ آئی ۔ پی آئی اے کے ملازمین کے احتجاج کی وجہ سے لاہور میں پروازوں کا شیڈول متاثر ہے اور مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔

ای پیپر دی نیشن