مشترکہ مفادات کونسل نے نیشنل سائنس ٹیکنالوجی و انوویشن پالیسی 2012ءکی منظوری دیدی

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی+ایجنسیاں) مشترکہ مفادات کونسل نے پٹرولیم کی تلاش اور پیداوار کی پالیسی 2012ءاور نیشنل سائنس ٹیکنالوجی و انوویشن پالیسی 2012ءکی منظوری دیدی ہے۔ وفاقی حکومت کے وعدے کے مطابق 2010-11ءکی سطح پر بہبود آبادی کے صوبائی محکموں کو فنڈنگ کی بھی منظوری دی گئی۔ وزیراعظم نے صوبوں کی جانب سے اٹھائے گئے بعض تحفظات کو دور کرنے کیلئے صوبائی حکومتوں کے نمائندوں کا اجلاس آئندہ ہفتے بلانے کی ہدایت کی ہے۔ کونسل کا اجلاس وزیراعظم یوسف گیلانی کی زیر صدارت ہوا جس میں شہباز شریف، قائم علی شاہ، امیر حیدر ہوتی، حفیظ شیخ، نوید قمر و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایجنڈا کے چھ نکات پر غور کیاگیا اور گزشتہ سال کی سالانہ رپورٹ کی منظوری دی گئی۔ وزیراعظم نے وزیراعلیٰ سندھ کی پریزنٹیشن پر پلاننگ ڈویژن اور اقتصادی امور ڈویژن کو ہدایت کی کہ تھرکول منصوبے کیلئے فنڈز کے انتظامات کرنے کی غرض سے ترجیحی بنیادوں پر مکمل تعاون کیا جائے جو کہ بجلی پیدا کرنے کا قومی منصوبہ ہے۔ وزیراعظم نے سندھ اور پنجاب کے وزرائے اعلیٰ کی درخواست پر شوگر ملوں کی جانب سے بگاس سے تقریباً دو ہزار میگا واٹ سالانہ بجلی پیدا کرنے کیلئے مراعات دینے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے مشیر خزانہ کو ہدایت کی کہ جلد سے جلد انرجی کانفرنس بلائی جائے تاکہ اگر کوئی رکاوٹیں درپیش ہیں توانہیں دور کیا جا سکے۔ وزیراعظم اجلاس کی صدارت کریں گے۔ مشترکہ مفادات کونسل نے ہائیڈل اور جوہری ذرائع سے پیدا کی جانے والی بجلی کے ہر یونٹ پر نصف پیسہ اور تیس ملین ایکڑ فٹ پانی پر ایک پیسہ چارج کرنے کے اپنے فیصلے میں ترمیم کی بھی منظوری دی۔ وزیراعظم نے سیکرٹری خزانہ کو اٹھارھویں ترمیم کے باعث مالی حجم طے کرنے کیلئے صوبائی حکومتوں کے ساتھ اجلاس منعقد کرنے کی بھی ہدایت کی۔ توانائی کے بارے میں جلد ہی قومی کانفرنس بلائی جائے گی جس میں ملک میں بجلی کی پیداوار بڑھانے کے طریقوں پر غور ہوگا، وزیراعظم نے کہا کہ مشترکہ مفادات کونسل قومی مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم یوسف گیلانی نے کہا ہے کہ فوج ہمارے ساتھ ہے۔ میڈیا اور عدلیہ کے بااختیار ہونے اور فوج کے سیاسی اثر و رسوخ کے جاری رہنے کے بارے میں رپورٹ آئی ایم ایف کا اپنا نقطہ نظر ہے۔ قطر کو 2022ءکے اولمپکس کے انعقاد میں خدمات دینے کی پیشکش کی ہے۔ اسلام آباد میں تبدیلی لانا چاہتے ہیں، سرکاری افسروں اور ملازمین کو رہائش کی سہولتیں دی جائیں گی۔ وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز گریڈ 20 سے 22 تک کے افسروں کے لئے رہائشی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب اور اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ کونسل کے اجلاس میں وزیر اعلی ٰ پنجاب شہباز شریف سے مفید بات چیت ہوئی اور توانائی بحران حل کرنے کیلئے لاہور میں جلد کانفرنس بلائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی کارروائی بارے چودھری اعتزاز احسن سے پوچھیں تو بہتر ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ بیسویں ترمیم کی منظوری سے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی سمیت بہت سے معاملات ٹھیک ہو جائیں گے۔ دریں اثناءشہباز شریف، قائم علی شاہ، امیر حیدر ہوتی نے وزیراعظم یوسف گیلانی سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات مشترکہ مفادات کی کونسل کے اجلاس سے قبل ہوئی۔ وزرائے اعلیٰ نے قطر کا بروقت دورہ کرنے پر وزیراعظم کو مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ قطر کے امیر شیخ حماد بن خلیفہ الثانی سے ملاقات بہت اہم تھی۔ انہوں نے قطری وزیراعظم سے کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کی بڑی وجہ غربت اور ناخواندگی ہے۔ بےروزگار پاکستانی نوجوانوں کو ملازمت ملنے سے ان کو دہشت گردوں کے شکنجہ سے بچانے میں مدد ملے گی۔ دریں اثناءوزیراعظم نے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو ہدایت کی ہے کہ نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی غرض سے معاشی نمو کے استحکام پر توجہ مرکوز کی جائے۔ آئندہ بجٹ میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...