اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ ثناءنیوز+ اے پی پی) پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ برطانیہ پاکستان کا دوسرا بڑا تجارتی پارٹنر ہے۔ دونوں ملکوں کی تجارت 1.9 بلین پونڈ سٹرلنگ ہے اور تجارت کا توازن پاکستان کے حق میں ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم پرویز اشرف نے برطانیہ کے 5 روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہونے سے قبل اپنے بیان میں کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان برطانیہ باہمی تجارت کو 2015ءتک 2.5 بلین ڈالر تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس کے حصول کے لئے ٹھوس کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کے دورے سے 2014ءمیں ملک کو جی ایس پی پلس کا درجہ دلانے کے لئے کوششوں میں مدد ملے گی کیونکہ برطانیہ ای یو کا اہم رکن ہے۔ انہوں نے کہا پاک یوکے آپریشنل پلان 2011-2015ءکے تحت پاکستان میں تعلیم کے سیکٹر کے لئے 1.4 بلین پونڈ مختص کئے گئے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا ان کی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کے ساتھ ملاقات ہو گی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیالات کیا جائے گا جبکہ پاکستانی برادری سے بھی ملاقاتیں ہوں گی۔ ثناءنیوز کے مطابق وزیر اعظم نے کہا پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے۔ برطانیہ کے ساتھ دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر بات چیت ہو گی۔ برطانیہ یورپی یونین میں پاکستان کا دوسرا بڑا شراکت دار اور تعلیم کے شعبے میں پاکستان کا سب سے بڑا مدد گار ہے۔ انہوں نے کہا میرے دورہ برطانیہ سے دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ اقتصادی تعاون بڑھانے کا قومی امکان ہے۔ملکی ترقی کے لئے برطانیہ کے مختلف شعبوں میں ترقی کے لئے بھرپور تعاون حاصل ہے اور برطانیہ اس حوالے سے پاکستان کی بھرپور معاونت کر رہا ہے۔ وزیراعظم نے کہا بروقت، آزادانہ، شفاف اور منصفانہ انتخابات ہماری منزل ہے۔ تمام سیاسی قوتیں انتخابات کے بروقت اور آزادانہ انعقاد پر متفق ہیں۔ اے پی پی کے مطابق وزیراعظم پانچ روزہ سرکاری دورہ پر برطانیہ پہنچ گئے۔ ہیتھرو ایئر پورٹ پر برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر واجد شمس الحسن اور دیگر سینئر حکام نے وزیراعظم، خاتون اول نصرت پرویز اور وفد کے دیگر ارکان کا والہانہ استقبال کیا۔ وزیراعظم 12 فروری کو اپنے برطانوی ہم منصب ڈیوڈ کیمرون سے ملاقات کریں گے جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ قبل ازیں وزیراعظم نے برطانیہ جاتے ہوئے ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں مختصر قیام کیا اور ترکی کے وزیراعظم رجب طیب اردگان اور عوام کیلئے نیک خواہشات کا پیغام دیا۔ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے صدر آصف علی زرداری کی طرف سے ترک صدر عبداللہ گل کیلئے نیک خواہشات کا پیغام بھی دیا۔ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے ترکی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پاکستان اور ترکی دو برادر اسلامی ملک ہیں جنہوں نے ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا۔ انہوں نے ترکی کے وفد کو پاکستان میں سیاسی صورتحال کے بارے میں بھی بتایا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ادارے مضبوط ہو رہے ہیں جس سے جمہوریت مضبوط ہو گی، خود مختار الیکشن کمیشن کے قیام سے ملک میں شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار پارلیمنٹ اپنی مدت پوری کر رہی ہے، یہ جمہوریت کی بہت بڑی فتح ہے۔
وزیراعظم