”جیوتھرمل“ ۔۔۔۔۔۔ 24 ممالک میں توانائی کا اہم ذریعہ

عبد الرحمن امجد
abdulrehman1985@hotmail.com

جیو تھرمل انرجی
GEO THERMAL ENERGY
ہماری زمین کا اندرونی حصہ سطح زمین سے کئی گنا زیادہ گرم ہے۔اسی وجہ سے جب ہم پانی کی موٹر چلاتے ہیں تو سخت سردی میں بھی گرم پانی نکلتا ہے۔ اسی وجہ سے چشموں کا پانی بھی گرم ہوتا ہے۔ زمین کی اس حرارت سے آج کے ترقی یافتہ دور میں بجلی پیدا کرنے اور جگہ کوگرم رکھنے کا کام لیا جا رہا ہے۔ اس وقت دنیا کے 24ممالک 11,300میگاواٹ بجلی جیوتھرمل ذریعے سے پیدا کر رہے ہیں۔ جبکہ 28,000میگاواٹ کی انرجی حاصل کر کے گھروں، دفاتر اور صنعتوں کو گرم کیا جا رہا ہے۔ اس وقت دنیا کے 70سے زائد ممالک میں 200سے زائد پلانٹس جیو تھرمل انرجی استعمال کرنے کے لئے زیر تعمیر ہیں۔ جیوتھرمل سے بجلی پیداکرنے کا کامیاب تجربہ 1904میں اٹلی میںکیاگیا۔ امریکہ 3389 میگاواٹ بجلی جیوتھرمل انرجی سے پیدا کرکے دنیا بھر میں سرفہرست ہے۔ جبکہ ہمارا دوست ملک چین اس میدان میں بھی امریکہ سے بازی لے جانے کےلئے سرگرم عمل ہے۔
ICE LAND یورپ میں واقع ملک ہے جس کا شمار دنیا کے ٹھنڈے ترین ممالک میں ہوتا ہے ۔یہ ملک اپنے پانی گرم کرنے کا 87 فیصدکام جیو تھرمل انرجی سے حاصل کرتا ہے۔ جیوتھرمل انرجی حاصل کرنے کےلئے زمین میںایک دوسرے کے قریب 2گہرے کنویں کھودے جاتے ہیں ۔1کنویں سے پانی کو زمین میں ڈالا جاتا ہے وہ پانی زمین میں جا کر گرم زمینی چٹانوں کی وجہ سے گرم ہو جاتا ہے اور دوسرے کنویں سے گرم پانی باہر آ جاتا ہے۔ جس سے ٹربائن چلا کر بجلی پیدا کی جاتی ہے یا پائپوں میں سے گزار کر جگہ کو گرم کرنے کا کام لیا جاتا ہے۔
پاکستان کے چاروں صوبوں اورآزاد کشمیر و گلگت بلتستان سمیت پورے پاکستان میں زمین کی حرارت سے بجلی اور جگہوں کو گرم کیا جا سکتا ہے۔ جیوتھرمل پلانٹ لگانے پر صرف ایک دفعہ لاگت آتی ہے چونکہ اس ذریعہ توانائی میں کسی قسم کا ایندھن استعمال نہیں ہوتا ۔ یہ ذریعہ توانائی کوئلے کی نسبت 8گنا کم مضر صحت بلکہ ماحول دوست ہے۔پاکستان میں جیوتھرمل انرجی سے 10ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کی جاسکتی ہے۔
PIMS ہسپتال اسلام آباد میں 1میگاواٹ صلاحیت کا ایک پلانٹ لگایا جارہا ہے جو اس جانب بہترین قدم ہے۔ یہ پلانٹ بجلی پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ ہسپتال کو گرم کرنے اور پانی گرم کرنے کا کام بھی کرے گا۔پاکستان کے دور دراز اور ٹھنڈے پہاڑی علاقوں میں جہاں لوگ قدرتی جنگل کاٹ کر لکڑیاں جلاتے ہیں ، یہ ذریعہ ء توانائی حاصل کرنے کا ایک بہترین نعم البدل ہے ۔ دور افتادہ علاقوں میں رہنے والے لوگ مل کر مشترکہ پلانٹ لگا کر بھی اس سے استفادہ کر سکتے ہیں۔ اس سے نا صرف ان کامعیار زندگی بہتر ہوگا بلکہ سردیوں میں گیس کی طلب کم ہونے سے گیس کی لوڈشیڈنگ میں کمی آئے گی۔حکومت کو چاہئے کہ وہ اللہ تعالی کی دی ہوئی اس عظیم نعمت کو استعمال میں لانے کےلئے لوگوں کو آسان اقساط پر قرض دے۔

ای پیپر دی نیشن