آک لینڈ(سپورٹس ڈیسک ) نیوزی لینڈ نے بھارت کو 40 رنز سے ہرا دیا۔نیوزی لینڈ کے برینڈن مکلم کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن نیوزی لینڈ نے بھارت کو 40 رنز سے شکست دے کر دو میچوں پر مشتمل سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔بھارتی ٹیم دوسری اننگز میں 406 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 366 رنز بنا سکی۔بھارت کی جانب سے شیکھر دھون اور چتیشور پجارا نے چوتھے دن کے کھیل کا آغاز کیا۔میچ کے چوتھے دن بھارت کو پہلا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب چتیشور پجارا 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔بھارت کی جانب سے دوسری اننگز میں شیکھر دھون نے 12 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 115 جب کہ وراٹ کوہلی نے 12 چوکوں کی مدد سے 67 رنز بنائے۔دونوں بلے بازوں نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 126 رنز کا اضافہ کیا۔نیوزی لینڈ کی جانب سے دوسری اننگز میں نِیل ویگنر نے چار جب کہ ٹرینٹ بولٹ اور ٹم ساؤدی نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔اس سے پہلے نیوزی کی ٹیم دوسری اننگز میں صرف 105 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی تھی اور اس نے بھارت کو جیتنے کے لیے 406 رنز کا ہدف دیا تھا۔نیوزی لینڈ کی جانب سے دوسری اننگز میں راس ٹیلر نے سب سے زیادہ 47 رنز بنائے۔بھارت کی جانب سے دوسری اننگز میں محمد شامی اور ایشانت شرما نے تین تین جب کہ ظہیر خان نے دو اور جڈیجا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ ٹیسٹ میں بھارت نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔نیوزی لینڈ کے برینڈن میکولم کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔