رحیم یار خان: دھماکوں سے3 گیس پائپ لائنیں تباہ‘ خاتون جاں بحق‘ آتشزدگی ‘ کئی شہروں کو سپلائی معطل‘ کالعدم بلوچ ری پبلکن آرمی نے ذمہ داری قبول کر لی

رحیم یار خان (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) رحیم یار خان کے نواحی علاقے رکن پور میں گیس پائپ لائن دھماکے سے پھٹ گئی، پائپ لائن پھٹنے سے آگ بھڑک اٹھی، آگ نے بستی کھمبڑہ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، گیس پائپ لائن پھٹنے سے پنجاب کے متعدد شہروں کو گیس کی فراہمی معطل ہو گئی۔ ترجمان کالعدم بلوچ ری پبلکن آرمی نے رحیم یار خان میں گیس پائپ لائن دھماکوں کی ذمہ داری قبول کرلی۔ گیس پائپ لائن دھماکے میں خاتون جاں بحق ہو گئی جبکہ متعدد جانور زخمی ہوئے۔ نامہ نگاروں کے مطابق ایم ڈی سوئی ناردرن نے کہا محکمہ سوئی گیس نے ایمرجنسی نافذ کر دی ہے ملکی تاریخ میں گیس پائپ لائنوں کو دھماکے سے اڑانے کا یہ بڑا واقعہ ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق رحیم یار خان کے قریب رنگ پور میں سوئی سے آنے والی مین گیس پائپ لائن میں 3دھماکے ہوئے جس سے گیس پائپ لائن پھٹ گئی اور آگ لگ گئی، ڈی پی او سہیل ظفر چٹھہ کے مطابق آگ اتنی شدید تھی کہ اس نے بستی افضل حمید کھمبڑا کو لپیٹ میں لے لیا۔ پولیس نے قریبی علاقوں کو خالی کرا لیا، پائپ لائن سے گیس کے اخراج کے باعث آگ پر قابو پانے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا تحقیقات کر رہے ہیں دھماکے تخریبی کارروائی ہیں یا حادثہ، ایم ڈی سوئی ناردرن کا کہنا ہے امدادی ٹیمیں روانہ کر دیں۔ ایم ڈی سوئی ناردرن عارف حمید نے کہا تخریب کاروں نے تین گیس لائنیں دھماکے سے تباہ کر دیں، گیس پائپ لائنیں 24، 18اور 16انچ قطر کی ہیں۔ مجموعی طور پر 630ملین کیوبک فٹ کا شارٹ فال ہو گیا، گھریلو صارفین ضرورت کے وقت گیس استعمال کریں، پنجاب کو 12سو ملین میٹرک کیوبک فٹ گیس سے صرف 400مل رہی ہے، تباہ ہونے والی لائنوں سے رحیم یار خان، ملتان، بہاولپور، لاہور اور فیصل آباد کو گیس دی جاتی ہے، صارفین گیس چولہے، ہیٹر اور گیزر فوری بند کر دیں۔ ملتان سے امدادی ٹیمیں روانہ کر دیں، لائنوں کی مرمت میں 24سے 36گھنٹے لگ سکتے ہیں۔ ڈی پی او رحیم یار خان سہیل چٹھہ کے مطابق پائپ لائن پھٹنے سے آگ بھڑک اٹھی۔ آگ نے بستی کھمبڑہ سمیت دیگر آبادی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ گیس کے اخراج کے باعث آگ کو کنٹرول کرنے میں دشواری پیش آ رہی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق ریسکیو ٹیمیں آگ بجھانے میں مصروف ہیں اور قریبی مقامی آبادی کو خالی کرا لیا گیا ہے۔ آخری اطلاعات کے مطابق ریسکیو ٹیمیں آگ بجھانے میں مصروف ہیں تاہم ابھی تک جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ نامہ نگار کے مطابق میانوالی قریشیاں سے تین کلومیٹر دور ٹھل رانگا کے مقام پر رات نو بجے کے قریب یکے بعد دیگرے تین دھماکوں سے سوئی گیس کی مین پائپ لائن پھٹ گئی جس کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی، آگ کے شعلے 15 کلومیٹر دور تک دکھائی دے رہے ہیں، قریبی علاقوں کے لوگ گھر بار چھوڑ کر محفوظ مقام کی طرف جا رہے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...