ملکی آئین اسلامی و جمہوری، طالبان سے مذاکرات اسی کے مطابق ہونے چاہئیں: یوسف گیلانی

Feb 10, 2014

لاہور (خبر نگار) سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے گزشتہ روز وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے ان کی رہائش گاہ ڈیفنس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ہم پرویز مشرف دور میں جیلوں میں گئے اور عدالتوں پیش ہوئے، ہم عدالتوں اور آئین کا احترام کرتے ہیں، پرویز مشرف سمیت سب کو عدالتوں کا احترام کرنا چاہئے۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی پانچ سالہ حکومت کے بعد جب کچھ لوگوں نے تبدیلی کا نعرہ لگایا ان کی حمایت کی، جو لوگ کچھ مختلف کرنا چاہتے تھے اب وہ حکومت میں ہیں کچھ مختلف کر کے بھی دکھائیں۔ یوسف گیلانی نے کہا کہ پاکستان کا آئین اسلامی اور جمہوری ہے طالبان سے مذاکرات آئین کے دائرے میں ہونے چاہئیں۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ اگر ان کے خلاف انتقامی کارروائی ہوئی تو وہ اس کا سامنا کریں گے کیونکہ انہیں انتقامی کارروائیاں سہنے کی عادت ہو گئی ہے۔ انہوںنے کہاکہ چھ ماہ قبل میں نے وزیر اعظم میاں نواز شریف سے کہا تھا کہ جب طالبان سے مذاکرات ہوں میرے بیٹے کا بھی خیال رکھنا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے کہا کہ گلگت بلتستان میں الیکشن دسمبر میں ہوں گے اور پیپلز پارٹی گلگت بلتستان میں آئندہ الیکشن کارکردگی کی بنیاد پر جیتے گی۔ انہوں نے کہا کہ گلگت  بلتستان کو قومی اسمبلی اور سینٹ میں نمائندگی ملنی چاہئے۔ انہوں نے کہا موجودہ وفاقی حکومت نے ہمیں ابھی تک کچھ نہیں دیا تاہم مسلم لیگ ن نے ابھی تک ہمیں چھیڑا نہیں یہ بھی اس کی مہربانی ہے۔

مزیدخبریں