بیجنگ (اے پی پی) چین نے سمندری حدود کے حوالے سے امریکی بیان پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ متنازعہ بیانات دے کر مشرقی ایشیا میں تنائو کو بڑھا رہا ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ہونگ لی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جاپان اور چین کے درمیان سمندری حدود پر تنازعہ جاری ہے۔اس تنازعہ کو حل کرنے کے لئے کوششیں جاری ہیں۔ خطے میں ایک تنائو کی صورتحال ہے۔ چینی دعوے پر امریکہ کے متنازعہ ریمارکس افسوسناک ہیں۔ ایسے بیانات سے ایشیا پیسفک خطے میں امن اور استحکام کے لئے ہونے والی کوششیں رائیگاں ہو جائیں گی۔ تنائو کے خاتمے کے بجائے اس میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سمندری حدود کے حوالے سے امریکہ کو شفاف موقف اور مثبت رویہ اپنانا چاہیے۔