لوڈشیڈنگ ناقابل برداشت ہو چکی، نئے ڈیم بننے تک بحران حل نہیں ہو گا: سراج الحق

Feb 10, 2015

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ ابھی گرمی آئی نہیں کہ لوڈ شیڈنگ ناقابل برداشت ہوچکی، مسلم لیگ ن کی حکومت نے دو سال کے دوران اس میں اضافہ ہی کیا ہے کوئی کمی نہیں لاسکی۔ گیس کا بحران شدت اختیار کرگیا، ملک کے کئی حصوں میں گیس دستیاب نہیں، آئی ایم ایف سے بجلی و گیس کی قیمتوں میں اضافہ کی شرائط پر قرضے لئے جارہے ہیں، ملک میں نئے آبی ذخائر کی تعمیر اور پرانے ڈیموں کی صفائی تک بجلی بحران پر قابو نہیں پایا جا سکتا۔ خیبر پی کے میں اپنے حلقہ انتخاب ثمر باغ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہریوں کو بجلی گیس اور صاف پانی کی بنیادی ضروریات مہیا کرنا حکومت کا فرض ہے، موجودہ حکومت نے اپنے منشور میں جو بلند و بانگ دعوے کئے تھے ان پر عمل کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے بلوں میں صارفین سے کئی قسم کے ٹیکس وصول کئے جارہے ہیں، غریب شہریوں کیلئے بجلی کے بل ادا کرنے کے بعد زندگی کی ابتدائی ضروریات پوری کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بجلی کی چوری روکنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے، بجلی چوری میں زیادہ تر وہ لوگ ملوث بتائے جاتے ہیں جنہیں حکومتی سرپرستی حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ لائن لاسز میں کمی کیلئے بجلی کی چوری روکنا ضروری ہے۔

سراج الحق


مزیدخبریں