کراچی ( وقائع نگار)سندھ حکومت نے کارساز، مہران بیس اور ائرپورٹ حملہ کیس جیسے 12مقدمات فوجی عدالتوں بھیج دئیے ہیں۔ آئی جی غلام حیدر جمالی نے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے ملاقات کی۔ ذرائع کا کہنا ہے ملاقات میں اس بات کا فیصلہ بھی کیا گیا کہ جمعہ تک مزید 45 مقدمات وفاق کو بھیج دیئے جائیں گے۔ واضح رہے کچھ روز قبل وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیرصدارت وزیراعلیٰ ہاؤس میں سندھ ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا جس میں گورنر سندھ، آئی جی سندھ، ڈی جی رینجرز اور کورکمانڈر کراچی نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبے میں امن وامان کے قیام کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے انسداد دہشت گردی کی خصوصی فورس تشکیل دینے کے فیصلے کی منظوری دی۔