کراچی ( سٹاف رپورٹر)قومی ائیر لائن پی آئی اے کی نجکاری کیخلاف جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی ہڑتال کے خاتمے کیلئے وزیر داخلہ چوہدری نثار اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا ٹیلیفونک پیغام کام کرگیا۔احتجاجی ملازمین کیخلاف کاروائی نہ کر نے اور پی آئی اے کی بحالی کیلئے تجاویز پر غور کر نے کی یقین دہانی بھی کرادی گئی تاہم حکومتی حلقوں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے فضائی آپریشن کی بحالی کی حکمت عملی اور ہڑتالی ملازمین کی نوکریاں بچانے کی وجہ سے جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے لچک کا مظاہرہ کیا۔ علاوہ ازیں پی آئی اے کا بحران وزیراعظم نوازشریف کو ملنے والی ایک فون کال کے بعد ختم ہوا، اس کال میں ایئر لائن کو ہونیوالے اربوں روپے کے نقصانات پر تشویش کا اظہار کیا گیا تھا اور معاملہ کو حل کرنے کیلئے کہا گیا تھا تاکہ قومی نقصان پر قابو پایا جاسکے۔ہڑتال کے خاتمے میں مسلم لیگ (ن) کے ارکان اسمبلی نے بھی کردار ادا کیا اور حکومت نے اپنی ناک اونچی رکھنے کیلئے جوائنٹ ایکشن کمیٹی سے کہا کہ وہ ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کرے تاکہ بات چیت شروع ہو جس پر ایکشن کمیٹی آمادہ ہو گئی۔