گوجرانوالہ: فوج کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ، دونوں پائلٹ شہید، ایک کی 20 فروری کو شادی تھی

Feb 10, 2016

گوجرانوالہ + گجرات+ راولپنڈی (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی+ نیوز ایجنسیاں) گوجرانوالہ میں ڈیرہ ملہیاں کے قریب پاک آرمی کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔ حادثے میں پائلٹ اظہر اور معاون پائلٹ کیپٹن احمد شہید ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر)کے مطابق طیارہ معمول کی تربیتی پرواز پر تھا کہ تکنیکی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہوا، افسوس ناک حادثے میں انسٹرکٹر پائلٹ میجر اظہر شہید جب کہ معاون پائلٹ کیپٹن احمد نے جام شہادت نوش کیا۔ ڈی پی او گجرات کے مطابق پاک آرمی کی امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔ صدر پاکستان ممنون حسین، امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق اور لیاقت بلوچ نے بھی حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور شہداء کیلئے دعائے مغفرت کی ہے۔ طیارہ حادثہ میں شہید ہونیوالے پاک آرمی کے میجر اظہر کی 20 فروری کو شادی ہونا تھی۔ حکام نے بتایا کہ بارات نے لاہور کینٹ جانا تھا۔ میجر اظہر کا تعلق پی ایم اے لانگ کورس 115سے تھا اور وہ تحصیل بلدیہ کراچی ویسٹ کے رہائشی تھے۔ شہید ہونے والے کیپٹن احمد کا تعلق پی ایم اے لانگ کورس 126 سے تھا اور وہ سیکٹر جی 6 اسلام آباد کے رہائشی تھے، انکا نکاح ہو چکا تھا تاہم ابھی شادی ہونا تھی۔

مزیدخبریں