لاہور+ کراچی+ اسلام آباد (خبرنگار+ سٹاف رپورٹر + ایجنسیاں) پی آئی اے ملازمین نے ملک بھر میں جاری ہڑتال ختم کر دی ہے جس کے بعد فضائی آپریشن بحال ہوگیا ہے۔ پی آئی ا ے کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے سربراہ سہیل بلوچ نے کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب میں ملک بھر میں جاری پی آئی اے ملازمین کا احتجاج اور ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا۔ سہیل بلوچ نے کہاکہ معاملات طے پاگئے ہیں اور پی آئی اے کے ملازمین اب کام پر واپس آجائیں گے، آنے والے دن ملازمین کیلئے اچھے ثابت ہونگے، ملازمین بھرپور تعاون سے فلائٹ آپریشن شروع کریں، ہمارے پاس ہڑتال جاری رکھنے کا کوئی جواز نہیں، تمام معاملات ایک مہربان دوست کے توسط سے حل ہوئے، کچھ ذمہ دار لوگوں سے رابطے ہوئے ہیں۔ اب ہم تمام دوست دن رات کام کریں گے، ہمیں سپورٹ کیا جائے تو پی آئی اے ترقی کر سکتی ہے۔ فضائی آپریشن میں رکاوٹ ڈالنے والوں پر نظر رکھی جائے، پی آئی اے کی حالت زار پر حکومت اور ہم پریشان ہیں ایسے میں ہڑتال فوراً ختم کی جاتی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات کرنے لاہور جارہے ہیں جہاں وزیر اعلیٰ سے مذاکرات ہوں گے۔ ایکشن کمیٹی نے 6 رکنی مذاکراتی ٹیم بھی بنا دی۔ ملازمین نے اپنے موقف کی حمایت میں جس بھرپور جدوجہد اور استحکام کا مظاہرہ کیا ہے ہم اس پر انہیں تہہ دل سے خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ہم اس جدوجہد میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے دو ساتھیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور ہمیں قوی یقین ہے کہ انکی یہ قربانی کبھی رائیگاں نہیں جائیگی، ہم اس فیصلے پر پہنچ گئے ہیں کہ پی آئی اے ملازمین کو مایوس نہیں کریں گے، فلائٹس آپریشن کی بندش کو 8دن گزر چکے ہیں، اس بندش کے نتیجے میں مسافروں اورجہازوں کی سلامتی کو ایسے خطرات لاحق ہو چکے ہیں جن کوو کوئی بھی محب وطن پاکستانی نظر انداز نہیں کرسکتا۔ حکومت پاکستان نے بھی جہازوں اور مسافروں کی سلامتی کے حوالے سے اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ حکومت کی طرح جوائنٹ ایکشن کمیٹی کو بھی ان ممکنہ خطرات پر سخت تشویش ہے اور ہم پاکستان کے اس اہم قومی اثاثے کی حفاظت اور سلامتی کے حوالے سے کسی طور پر غیر متعلق نہیں رہ سکتے۔ ایک مہربان صاحب اقتدار شخص نے رابطے کرائے۔ ان کا نام بتانے کی اجازت نہیں، اگر انہوں نے اجازت دی تو نام میڈیا کو بتائیں گے۔ تمام مطالبات تسلیم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ مذاکرات کامیاب نہ ہوئے تو احتجاج اور دھرنے سمیت تمام آپشن موجود ہیں۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی 6 رکنی مذاکراتی کمیٹی میں صفدر انجم، ہدایت اللہ، نجیب الرحمان، سہیل بلوچ، ناصر جنجوعہ، ذاکر فاروق شامل ہیں۔ چیئرمین نجکاری کمشن محمد زبیر نے کہا ہے کہ حکومت پی آئی اے کی نجکاری کے اپنے موقف پر قائم ہے، تاہم ملازمین کے تحفظات دور کرینگے۔ ملازمین کا ہڑتال ختم کرنا قابل تحسین اقدام ہے، انکے تحفظات دور کرینگے۔ پی آئی اے نے ملک بھر میں پی آئی اے ملازمین کے ائرپورٹ پاسز بحال کر دیئے۔ تمام ائرپورٹس پر کنٹریکٹ ملازمین کے داخلے پر پابندی بھی ختم کر دی گئی ہے۔ قبل ازیں پی آئی اے جوائنٹ ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے 4 عہدیداروں کی عبوری ضمانت منظور کر لی گئی۔ ضیغم کیانی، شعیب یوسفزئی، رمضان لغاری، طلعت کو 50، 50 ہزار کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔ عدالت نے حکم دیا کہ پولیس جوائنٹ ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے رہنمائوں کو 16 فروری تک گرفتار نہ کیا جائے۔ راولپنڈی پولیس نے ملازمین کو دھمکیاں دینے کے الزام میں ان رہنمائوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ نجی ٹی وی ذرائع کے مطابق جوائنٹ ایکشن کمیٹی اور حکومت کے درمیان معاملات حل کروانے میں شہبازشریف، چودھری نثار علی خان، کیپٹن (ر) صفدر اور چودھری جاوید نے اہم کردار ادا کیا۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے کا اندرون و بیرون ملک فلائٹ آپریشن مکمل بحال ہو گیا۔ مسافر شیڈول کے مطابق ہوائی اڈوں پر آ سکتے ہیں۔ وفاقی وزیر شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے پی آئی اے ملازمین کے حقوق کے تحفظ کا یقین دلایا ہے۔ وزیراعظم کی یقین دہانی سے بڑھ کر کوئی ضمانت نہیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ نجکاری پی آئی اے ملازمین کی مرضی سے ہو گی۔ نجکاری کے نتیجے میں ملازمین کی تنخواہیں بڑھیں گی، نجکاری کا 95فیصد فائدہ ان ملازمین کو ہو گا جو ہڑتال میں شامل نہیں ہوئے۔ پی آئی اے معاملے کا بہترین حل ہے کہ مینجمنٹ کس کے حوالے کی جائے۔ پی آئی اے مسئلے کا حل کسی کے پاس ہے تو بتائے۔ ملازمین حکومت کے ساتھ بیٹھیں اور طے کریں کیسے نجکاری اور معاملات آگے بڑھیں گے۔ پی آئی اے کا یہی حل ہے کہ اس میں پرائیویٹ مینجمنٹ آئے۔ دوسری جانب سول ایوی ایشن اتھارٹی نے حالیہ دنوں میں جہازوں کی فٹنس کے حوالے سے چلنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی جہازوں کی فٹنس کے سلسلے میں بین الاقوامی قوانین پر عمل درآمد کو نہ صرف یقینی بناتی ہے بلکہ مسافروں کے جان و مال کی حفاظت بھی اسکی اوّلین ترجیح ہے۔ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی ہڑتال سے 900 پروازیں منسوخ ہوئیں، ایک لاکھ مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا اور اربوں روپے کا نقصان ہوا۔