کوہاٹ/ اسلام آباد (اے پی پی+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سنیٹر پرویز رشید نے کہا ہے عمران خان کا ’’بلین ٹری‘‘ منصوبہ محض سبز باغ ہے، راولپنڈی سے کوہاٹ آتے ہوئے منصوبے کا کوئی درخت نظر نہیں آیا۔ عمران خان کے شجرکاری منصوبے کا آڈٹ 2018ء کے انتخابات میں کرینگے اور عمران خان کو دکھائیں گے ہم نے ملک و قوم کیلئے کیا کچھ کیا ہے۔ دوسری طرف نوائے وقت رپورٹ کے مطابق تحریک انصاف کے ترججمان نعیم الحق نے پرویز رشید کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں کہا پرویز رشید اطمینان رکھیں، پہاڑوں کا ’’گنجاپن‘‘ جلد ختم کرلیں گے۔ مسلم لیگ (ن) کے بیشتر منصوبے ماحول کیلئے خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں۔ پرویز رشید خیبر پی کے میں شجرکاری پر تنقید نہ کریں، درخت لگانے کی مہم کو عالمی سطح پر پذیرائی مل رہی ہے۔ کوہاٹ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پرویز رشید نے مزید کہا موجودہ حکومت وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں ملکی ضروریات کو مدنظر رکھ کر مختلف شعبوں میں ترقیاتی منصوبے تیزی سے آگے بڑھا رہی ہے اور ترقی کے اس عمل میں رکاوٹ ڈالنے والے ملک وقو م کے خیر خواہ نہیں۔ وفاقی حکومت پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کے کاموں میں مداخلت نہیں کر رہی، وہ صوبے کے ہسپتالوں کو ٹھیک کرنا چاہتے ہیں تو ہم نے رکاوٹ نہیں ڈالی، انہیں بھی اس طرزعمل کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔ یہ کیا کہ لازمی سروسز کا قانون خیبر پی کے حکومت نافذ کرے تو سفید ہے اور اگر وفاقی حکومت کرے تو کالا۔