اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت)سپریم کورٹ نے اسلام آباد کے مختلف پلاٹس نجی سکولوں کو الاٹ کرنے سے متعلق کیس کی سماعت میں سی ڈی اے سے دو ہفتوں میں نجی سکولوں کو پلاٹ الاٹ کرنے پر قوانین کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔ جسٹس مقبول باقر نے ریمارکس دیئے کہ سی ڈی ماسٹر پلان 1960ء میں بنا، سیکٹر بنا دیئے گئے، اب پلاٹ دینے کیلئے سی ڈی اے زمین کہاں سے لائیگا۔ سی ڈی اے کے پاس اختیار نہیں کہ وہ سکولوں کیلئے زمین مختص کرے۔ جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ کیا پورے اسلام آباد کے کھلے مقامات سی ڈی اے الاٹ کردیگی؟ اوپن ایریاز پر تعمیرات سے تو اسلام آباد بالکل پیک ہوجائیگا، کیا سوچ کر ایسی پالیسی بنائی گئی؟پورے اسلام آباد کو الاٹ کرکے جام نہیں کرسکتے، اگر یہی قواعد ہیں تو اسلام آباد کے تمام خالی مقامات نجی سکولوں کو ہی دیدئیے جائیں۔