اسلام آباد + لاہور (نوائے وقت رپورٹ + اپنے نامہ نگار سے) سینٹ قائمہ کمیٹی خزانہ کا اجلاس سلیم مانڈوی والا کی زیرصدارت ہوا۔ نجی ائر لائنز شاہین ائر لائنز اور ائر بلو نے کمیٹی کے سامنے مؤقف بیان کرتے ہوئے کہا کہ کرایوں میں ایک روپے کا بھی اضافہ نہیں کیا اس پر متحدہ کی نسرین جلیل نے اضافی کرایہ دے کر خریدا گیا ٹکٹ پیش کردیا۔ کمیٹی نے نجی ائر لائنز کی جانب سے کرایوں میں غیر معمولی اضافے پر برہمی کا اظہار کیا۔ مسابقتی کمشن نے بتایا کہ ان کے پاس دونوں ائر لائنز کی ٹکٹوں کا کوئی ریکارڈ نہیں۔ کمیٹی نے ائر لائنز کا گزشتہ دو ہفتوں کے درمیان ٹکٹوں کی سیل کا ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے پی آئی اے ملازمین کی ہڑتال کی آڑ میں نجی ایئر لائنز کے کرایوں میں تین سو فیصد اضافے کیخلاف درخواست پر سول ایشن اتھارٹی سے پچیس فروری تک جواب طلب کر لیا۔ درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کو نجی ایئر لائنز کیخلاف کارروائی اور کرایوں میں کمی کا حکم دیا جائے۔مسابقتی کمشن کی طرف سے پرائیویٹ ایئرلائنز کو پہنچنے والے فوائد کی تفصیل اور کارروائی، چائنہ ہاربر انجینئرنگ کمپنی کے معاملات زیر بحث آئے، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے معاملات موخر کر دیئے گئے اور پی آئی اے ایکٹ 1956 پر تفصیلی بریفنگ، پی آئی اے کی نجکاری کا معاملہ نجکاری کمیشن کی عدم شرکت پر مؤخر کر دیا گیا۔ نجکاری کمشن کی طرف سے سینیٹ قائمہ کمیٹی خزانہ کے اجلاسوں میں آخری وقت پر مصروفیات کی آگاہی پر چیئرمین کمیٹی سینیٹر سلیم ایچ مانڈوی والا ناراضی کا اظہار کیا۔
کرائے نہیں بڑھائے، نجی ائرلائنز: نسرین جلیل نے سینٹ کمیٹی میں مہنگا ٹکٹ پیش کر دیا
Feb 10, 2016