اسلام آباد (صباح نیوز) عمران خان نے کہا ہے کہ پاناما کیس پر تیزی سے کام کیا جائے بابر اعوان کا کہنا تھا کہ جتنے بھی قطری خط آجائیں اب پاناما کیس کسی صورت دب نہیں سکتا۔ یہ گفتگو بنی گالہ میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے پاناماکیس کے وکیل بابر اعوان کی ملاقات کے دوران ہوئی، عمران خان نے بابراعوان کو اگلی سماعت کے آغاز پر اپنائی جانے والی حکمت عملی سے متعلق ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ کسی بڑی شخصیت کی تلاشی لی جا رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس مقدمے سے عوام نے امیدیں وابستہ کرلی ہیں۔ وکیل بابر اعوان نے کیس کی پیشرفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اب تک کیس کو بہترین انداز میں پیش کیا گیا ہے اور آئندہ مزید تحقیق اور مشاورت کے ساتھ معزز عدالت کے سامنے ثبوت رکھے جائیں گے۔