پاکستانی چینلز پر بھارتی مواد نشرکرنے کی پابندی کیخلاف درخواست، وفاقی حکومت کو نوٹس

Feb 10, 2017

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے پاکستانی ٹی وی چینلز پر بھارتی مواد کو نشر کرنے کی پابندی کے خلاف درخواست پر وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کردئیے ہیں۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس منصورشاہ نے درخواست پر سماعت کی جس میں پاکستانی چینلز پر بھارتی مواد کی پابندی کو چیلنج کیا گیا ہے۔ سماعت کے دوران پمرا کی جانب سے بتایا گیا کہ پاکستانی چینلز پر بھارتی فلمیں دکھا سکتے ہیں تاہم پاکستانی چینلز پر بھارتی ڈرامے دکھانے پر پابندی ہے۔ پیمرا کے وکیل نے بتایا کہ پیمرا رولز کے تحت پاکستانی چینلز پر 6 فیصد غیرملکی مواد نشر ہوسکتا ہے۔ درخواست گزار کی وکیل عاصمہ جہانگیر نے پیمرا کے موقف پر حیرت کا اظہار کیا اور یہ اعتراض اٹھایا کہ بھارتی فلمیں ریلیز ہوسکتی ہیں تو چینلز پر بھارتی مواد پر کیسے پابندی لگائی جاسکتی ہے۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے درخواست گزار کی وکیل کے موقف کے بعد وفاقی حکومت کو 2 مار چ کیلئے نوٹسز جاری کردئیے۔

مزیدخبریں