سری وجے نگر (نوائے وقت رپورٹ) بھارت کی ریاست پنجاب پولیس کی لاپروائی سے پاکستان سے ”دراندازی“ کے الزام میں گرفتار جاسوس کبوتر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق پنجاب کے ضلع سری گنگا نگر کے علاقے سری وجے نگر میں جاسوس کبوتر زیرحراست تھا۔ پولیس نے کئی گھنٹے کی تگ و دو کے بعد کبوتر کو پکڑا تھا جس کے ساتھ 5547 جانباز خان کا ٹیگ لگا ہوا تھا جبکہ ساتھ ایک فون نمبر بھی درج تھا۔ پولیس کا دعویٰ تھا کہ ہیڈ کانسٹیبل کی جانب سے تجسس کے باعث پنجرہ کھولنے کے نتیجے میں کبوتر کو اڑنے کا موقع ملا۔ بھارتی اخبار ٹربیون نے رپورٹ کیا کہ انتظامیہ کے مطابق کبوتر کے اڑنے کے فوری بعد الرٹ جاری کردیا گیا۔ سرکاری اہلکار اس کبوتر کو دوبارہ پکڑنے میں کامیاب نہ ہوسکے جبکہ انتظامیہ نے تصدیق کی کہ کبوتر واپس پاکستان کی جانب اڑنے میں کامیاب رہا۔