راولپنڈی(نیوز رپورٹر) انقلاب اسلامی ایران کی اڑتیسویں سالگرہ کے موقع پر خانہ فرہنگ اسلامی جمہورےہ اےران اور علمی ، ادبی اور ثقافتی تنظیم ”ابلاغ“ کے تعاون سے محفل شعر انقلاب اسلامی کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت ادارہ فروغ زبان اردو کے صدرنشین افتخار عارف نے کی جبکہ گلگت بلتستان قانونساز اسمبلی کے سپیکر فدامحمد ناشاد مہمان خصوصی تھے، تقریب میں جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد کے معروف شعراءنے امام خمینی اور انقلاب اسلامی کے عنوان سے اپنا کلام پیش کیا۔ خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل خانہ فرہنگ علی آقا نوری نے کہا کہ اسلامی انقلاب امام خمینی کی قیادت اور ایرانی عوام کی بھرپور استقامت کا نتیجہ ہے کہ آمریت و ڈکٹیٹرشپ سے وابستہ فاسد نظام شکست سے دچار ہوا ۔ استکباری طاقتوں کی سازشوں کے باوجود یہ انقلاب اڑتیس بہاریں دیکھ چکا ہے اور آج یہ انقلاب طاقتور درخت کی صورت میں پروان چڑھ رہا ہے۔ آج ایران تمام شعبہ جات میں ترقی کے زینے طے کررہا ہے بلاشبہ یہ ثقافتی تقریب پاکستان و ایران کے مابین باہمی دوستی و محبت کی نشان دھی کرتی ہے۔ اپنے صدراتی خطاب میں افتخار عارف نے انقلاب اسلامی ایران کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان و ایران تہذیبی، تمدنی، مذہبی اور ثقافتی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں ۔ انقلاب اسلامی ایران کی کامیابی امام خمینی کی ولولہ انگیز قیادت اور ایرانی عوام کے اتحاد کا نتیجہ ہے۔ انقلاب اسلامی ایران نے اردو شعر و ادب پر بھی اپنے اثرات مرتب کیے اور اس موضوع پر متعدد کتب بھی تالیف کیں گئیں۔ ایران کا اسلامی انقلاب جہان اسلام میں وحدت و بیداری کی نوید ثابت ہوا مہمان خصوصی سپیکر قانون ساز اسمبلی فدا محمد ناشاد نے انقلاب اسلامی ایران کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا اسلام کی تبلیغ و اشاعت میں ایرانی مشاہیر کا کردار قابل تحسین ہے اور یہ انقلاب اسلامی دنیا کیلئے ایک نمونہ ہے ۔ پاکستان و ایران کے عوام برادرانہ اور قلبی احساسات سے لبریز ہیں اور ان روابط میں وقت کے ساتھ ساتھ مزید اضافہ ہو رہا ہے۔معروف اسکالر اور شاعر پروفیسر ڈاکٹر احسان اکبر نے انقلاب اسلامی ایران کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایران کا اسلامی انقلاب دنیا بھر کے دیگر انقلابات کے مقابلے میں زیادہ اثر انگیز تھا۔ امام خمینی نے بے لوث قیادت اور تربیت کی وجہ سے شہنشاہیت کے بت پاش پاش کردیئے۔ پاکستان و ایران کے عوام لازوال رشتوں اور محبتوں کے امین ہیں۔ علمی ، ادبی اور ثقافتی تنظیم ابلاغ کے صدر سید تنویرحیدر نے کہا کہ اسلامی انقلاب نے دنیا بھر کے مظلوموں کو جینے کا حوصلہ دیا، اور امام خمینی نے حقیقی معنوں میں اسلام کا احیاءکیا محفل شعروسخن میں افتحار عارف،فدا محمد ناشاد،احسان اکبر، سید نصرت زیدی، ثاقب اکبر، خاور نقوی، علی یاسر، انجم خلیق، محبوب ظفر، سید آل عمران، تنویر فاطمہ اور دیگر شعراءنے اپنا کلام پیش کیا۔ اس موقع پر ایران کی ترقی و پیشرفت پر مبنی پوسٹرز، تصاویر، کتب کے ساتھ معروف دستکاریوں خاتم کاری،مےنا کاری،منبت اور دےگر ثقافتی و ھنری مصنوعات کی نماش بھی منعقد کی گئی جس میں خواتین حضرات نے گہری دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔