بچوں پر تشدد کی روک تھام کیلئے مربوط کوششوں کی ضرورت ہے‘ رابعہ جویری

اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت) وزارتِ انسانی حقوق بچوں کے خلاف تشدد کی روک تھام ، انکے حقوق کے تحفظ اور سماجی فلاح و بہبود کے لیے ایک جامع اور مربوط نظام کے تحت اقدامات اٹھارہی ہے۔ان خیالات کا اظہار سیکرٹری انچارج انسانی حقوق محترمہ رابعہ جویری آغا نے جمعرات کے روز اسلام آباد میں کنٹری ڈائریکٹر اسلامک ریلیف کے ساتھ منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ بچوں پر تشدد کی روک تھام کے لیے مربوط اور مشترکہ لائعہ عمل کی ضرورت ہے۔ اسلامک ریلیف کے کنٹری ڈائریکٹر نے بچوں کے حقوق کے تحفظ اور تشددکو روکنے کے لیے مجوزہ منصوبے( اینڈرائڈایپلیکیشن) کی خصوصیات سے اجلاس کو آگاہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ ہماری تنظیم وزارت ِ انسانی حقوق کے تعاون سے بچوں کے خلاف تشدد کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے اور ان کے حقوقِ تحفظ کے لیے ریاستی حکام ، ٹیلی کام انڈسٹری اور سماجی بہبود کی تنظیموں کے ساتھ مل کر کام کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہونے سیکرٹری انچارج نے کہا کہ وفاقی دارلحکومت میں چائلڈ لیبر اور بچوں سے بےگار لینے والوں کی جتنی بھی حوصلہ شکنی کی جا ئے وہ کم ہے اور حکومت اس ضمن میں بچوں کے تحفظ کے لیے سر گرمِ عمل ہے۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے مشترکہ اور مربوط نظام کے تحت کام کرنے کی ضرورت ہے۔یو این ایچ سی آر کے کنٹری ہیڈ اندریکا رتواتے نے جمعرات کے روز اسلام آباد میں وزارت انسانی حقوق کی سیکرٹری انچارج رابعہ جاویری آغا سے ملاقات کی۔

ای پیپر دی نیشن