آئندہ الیکشن میں کامیابی کے بعد کراچی پر بھرپور توجہ دینگے: مشاہد اللہ

اسلام آباد (صباح نیوز) وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ میاں محمد نواز شریف نے ہی آ کر ملک سے دہشت گردی ختم کی۔ آئندہ عام انتخابات جیتنے کے بعد کراچی پر بھرپور توجہ دیں گے، دیگر نے جو شہر کو دینا تھا دے چکے، کراچی میں گرین لائن منصوبہ کا خیال ہم ہی لے کر آئے۔ نجی ٹی وی سے انٹرویو میں مشاہد اللہ خان کا کہنا تھا کہ اگر گرین لائن کی طرح کے منصوبے پنجاب میں کم وقت میں مکمل ہو سکتے ہیں تو کراچی میں بھی ہو سکتے ہیں تاہم ہماری حکومت سندھ میں نہ ہونے کی وجہ سے ہمیں کچھ مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی حیدر آباد موٹروے کے لوگ ہی زیادہ سفر کرینگے۔ اس لئے اس منصوبہ کا تعلق بھی کراچی سے ہے جبکہ بجلی کے کارخانے کراچی میں بھی لگے ہیں اور باہر بھی لگے ہیں۔ کے فور منصوبہ میں وفاقی حکومت نے اربوں روپے دیئے ہیں۔ وفاقی حکومت کے فور منصوبہ کے لئے اپنے حصہ کے آدھے پیسے دے چکی ہے۔ مشاہد اللہ خان کا کہنا تھا کہ ہم کراچی کو بھی لاہور، پشاور اور کوئٹہ کی طرح سمجھتے ہیں۔ میری اور میاں نواز شریف کی خواہش ہے کہ کراچی اتنی ترقی کرے کہ وہ لاہور کو بھی پیچھے چھوڑ دے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں سب سے زیادہ دہشت گردی تھی۔ کراچی میں معیشت کا پہیہ چلنا شروع ہوا ہے تو اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ میاں محمد نوازشریف نے آ کر دہشت گردی ختم کر دی۔ 

مشاہد اللہ

ای پیپر دی نیشن