مظفرآباد (آن لائن) اقوام ِ متحدہ کی نمائندہ تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ بھارت امریکہ کی ایما پر آزادکشمیر کی لائن آف کنٹرول پر لگاتار خلاف ورزی کرکے نہتے سویلین افراد کو نشانہ بنا رہا ہے جو کہ انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی ہے ! آزادکشمیر کی مختلف لائن آف کنٹرول پر محفوظ پناہ گاہیں نہ ہونے کی وجہ سے سول افراد موت کے منہ میں جانے کے علاوہ زخمی ہورہے ہیں، حکومت ِ پاکستان لائن آف کنٹرول پر قائم سول آبادی کیلئے محفوظ پناہ گاہیں اور بنکر تیار کرے تاکہ جنگی صورت حال میں وہ اِن کے اندر پناہ لے سکیں۔ ترجمان آزادکشمیر ایمنسٹی انٹرنیشنل سید نورالحسن گیلانی نے کہا کہ بھارت نے امریکی ایما پر آزادکشمیر کی لائن آف کنٹرول پر مسلسل گولہ باری اور خلاف ورزی روکنے کے بجائے اُس میں تیزی کرکے انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی کی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ آئے روز بھمبر ، کوٹلی ، کھوئی رٹہ ، نکیال ، بٹل ، پونچھ سمیت دیگر مقامات پر خلا ف ورزی کرکے سول آبادی کو نشانہ بنا رہا ہے۔ عالمی قوانین کے مطابق جنگی صورت حال میں کوئی بھی ملک سول آبادی کو نشانہ بنانے کا حق نہیں رکھتا مگر بھارت نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایماء پر آزادکشمیر کی لائن آف کنٹرول پر سول آبادی کو نشانہ بناکر بے گناہ لوگوں کو قتل کررہا ہے جبکہ سینکڑوں کو زخمی کرچکا ہے ، کروڑوں روپے کی املاک بھیی تباہ کردی ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ بھارتی درندگی کی مکمل تفصیل اقوام ِ متحدہ اور ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مرکزی دفتر امریکہ کومیل کردی گئی ہے جبکہ اِس معاملے میں اقوا م ِ متحدہ سمیت ایمنسٹی انٹرنیشنل کام کررہی ہے ۔