اسلام آباد ( وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ نے دو بچیوں کی بازیابی کیلئے اسلام آباد پولیس کی ایک ماہ مہلت کی استدعا منظور کرلی ہے ۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی پرمشتمل سنگل بنچ نے کی عدالتی کاروائی شروع ہوئی تو انسپکٹرجنرل پولیس اسلام آباد سلطان اعظم تیموری عدالت میں پیش ہوئے اور عدالت سے استدعا کی کہ اسلام آباد پولیس کے اہلکاروں کو دونوں بچیوں کی بازیابی کیلئے لگایا گیا ہے۔ عدالت سے استدعا ہے کہ وہ پولیس کو اس کیس کو حل کرنے کیلئے ایک ماہ کی مہلت دے، اس پر فاضل جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ سمعیہ اور ادیبہ کی بازیابی ڈیڑھ سال سے نہیں ہوسکی ہے۔ پولیس آج تک معاملے کی درست سمت کا تعین نہیں کرسکی ہے۔ عدالتی استفسار پر لاپتہ بچیوں کے باپ نے بتایا کہ پولیس ان کی بچیوں کو بازیاب کرنے کی بجائے انہیں ہی تنگ کررہی ہے۔ فاضل عدالت نے پولیس کو ہدایت کی کہ وہ اس پہلو کو ضرور سامنے رکھیں کہ کہیں بچیاں والدین نے فروخت تو نہیں کردی ہیں اور اس میں حساس ادارے کی مدد لینی پڑے تو وہ بھی ضرور لیں۔