اسلام آباد (جاوید صدیق) پاکستان میں یورپی یونین کے سفیر ژاں ناسو کوتاں نے کہا ہے کہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان اسی سال سٹرٹیجک تعاون کا سمجھوتہ ہو جائے گا۔ یورپی یونین کی ملٹری کمیٹی کے سربراہ جنرل میخائل کا دورہ پاکستان اس سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ گزشتہ شام ایک سفارتی تقریب میں ’’نوائے وقت‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان باہمی تعاون کے سمجھوتہ میں بھی توسیع ہو گی۔ دونوں ملکوں میں سٹریٹجک تعاون کے سمجھوتے سے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان دفاعی اور اقتصادی شعبہ میں تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ ہماری کوشش ہے کہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تجارت‘ معیشت‘ دفاع‘ زراعت ٹیکنالوجی اور دوسرے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیا جائے۔ یورپی یونین کے سفیر نے کہا کہ پاکستان اور یورپی یونین کے مراسم تمام شعبوں میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ یورپی یونین کے ملٹری کمیٹی کے سربراہ جنرل میخائل کی آرمی چیف اور دوسرے حکام سے ملاقاتیں بہت مثبت رہی ہیں۔