شمالی وزیرستان+ کابل (اے پی+ صباح نیوز) شمالی وزیرستان میں امریکہ کی طرف سے کئے گئے ڈرون حملے میں مارے جانے والے دہشتگردوں کی تعداد 7 ہو گئی۔ حکام کے مطابق حملے کا ٹارگٹ حقانی نیٹ ورک کا مقامی کمانڈر قدرت اللہ تھا تاہم اس بات کی تصدیق نہیں ہو سکی کہ وہ مرنے والوں میں شامل ہے یا نہیں۔ اے پی کے مطابق افغانستان میں بھی گزشتہ روز ایک گاڑی کو ڈرون کے ذریعے نشانہ بنایا گیا تھا جس میں تحریک طالبان پاکستان کا کمانڈر خالد سجنا مارا گیا تھا۔ سرکاری حکام کی طرف سے نام نہ بتانے کی شرط پر سجنا کی ہلاکت کو کنفرم کیا گیا ہے۔ افغانستان میں صوبائی پولیس چیف کے ترجمان نے گاڑی پر حلے کی تصدیق کی۔ افغانستان میں خالد سجنا سمیت 3 افراد مارے گئے تھے جبکہ مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 4 ہو گئی ہے۔ صباح نیوز کے مطابق کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے نائب امیر سجنا کی ڈرون حملے میں ہلاکت کی تصدیق کر دی گئی۔ سجنا افغانستان میں امریکی ڈرون حملے میں مارا گیا، ڈرون طیارے نے افغان ضلع برمل کے علاقے مارغہ میں گاڑی پر میزائل فائر کئے، ڈرون حملے میں خان سید عرف سجنا کا بھانجا اور 3 ساتھی بھی مارے گئے۔
ڈرون حملے میں مرنے والوں کی تعداد 7 ہو گئی
Feb 10, 2018