واشنگٹن (صباح نیوز) مالدیپ کے سیاسی بحران پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور بھارتی ہم منصب نریندر مودی کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا اور دونوں رہنمائوں نے وہاں کی صورتحال پر تحفظات کا اظہار کیا۔گزشتہ روز وائٹ ہاوس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا امریکی صدر اور بھارتی ہم منصب کے درمیان رواں سال کا یہ پہلا ٹیلی فونک رابطہ ہے جس کے دوران مالدیپ کے سیاسی بحران سمیت افغانستان، میانمار اور شمالی کوریا کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنمائوں نے مالدیپ کے سیاسی بحران پر شدید تحفظات کا اظہار کیا اور جمہوریت کے احترام اور قانون کی بالادستی پر زور دیا۔ وائٹ ہائوس کے مطابق دونوں سربراہان نے گفتگو کے دوران خطے کی خوشحالی اور سکیورٹی کے لئے تعاون مزید بڑھانے پر بھی اتفاق کیا جبکہ صدر ٹرمپ نے جنوبی ایشیا سے متعلق نئی پالیسی اور افغانستان کے استحکام کے عزم کا اعادہ کیا۔