عمران نے جھوٹ کے عالمی ریکارڈ بنائے‘ انتخابات میں پشیمانی کے سوا کچھ نہیں ملے گا: شہباز شریف

Feb 10, 2018

لاہور(خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ صوبے کی ترقی اور عوام کی خوشحالی سے بڑھ کر کوئی ترجیح نہیں ہو سکتی۔ ترقی کے تیز رفتار سفر میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہونے دی جائے گی۔ تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر سمیت دیگر شعبوں کی ترقی اپنی مثال آپ ہے اور ہم نے ترقیاتی منصوبوں کی ریکارڈ مدت میں تکمیل کے ریکارڈ قائم کئے ہیں جبکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ اور استعمال میں پنجاب سرفہرست ہے اور منصوبوں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کو فروغ دے کر عوام کو بہترین سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا تاریخ ساز کارنامہ ہے۔ ایک عرصے سے چھائے اندھیروں کو ختم کیا ہے اور جتنی محنت کیساتھ توانائی منصوبوں کو مکمل کیا گیا ہے، اس کی مثال پاکستان کی70سالہ تاریخ میں موجود نہیں۔ بعض سیاسی عناصر کی رکاوٹوں کے باوجود بجلی کے منصوبوں کو ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا ہے اور آج ملک میں لوڈ شیڈنگ قصہ پارینہ بن چکی ہے۔ ہم نے جھوٹ اور بے بنیاد الزامات کی سیاست کی بجائے عوام کی خدمت کو مقدم رکھا ہے ۔ دھرنا پارٹی نے صرف اور صرف جھوٹ اوربے بنیاد الزامات کی سیاست کی ہے اور عوام کے مسائل کے حل اوراپنے صوبے کی ترقی کی بجائے الزام تراشی کو وطیرہ بنائے رکھا۔ماضی کے حکمرانوں نے توانائی بحران کے خاتمے کیلئے کوئی اقدام نہیں کیااوران حکمرانوں کی لوٹ مار اورکرپشن کی وجہ سے ہی ملک اندھیروں میں ڈوبتا چلا گیا۔ کرپٹ اور شکست خوردہ عناصر نے توانائی سمیت مفاد عامہ کے ہر منصوبے میں تاخیر کی کوشش کی اور آج یہ عناصراپنے کئے پر شرمندہ ہیں۔عمران نیازی نے دھرنوں اور لاک ڈائون کی منفی سیاست سے ملک و قوم کا قیمتی وقت ضائع کیا ہے۔ اپنے صوبے میں بدترین کارکردگی دکھانے والے یہ عناصر کس منہ سے عوام کا سامنا کریں گے۔ ترقی کی مخالفت کرنے والوں سے حساب عوام الیکشن میں لیں گے۔عوام خدمت کرنے والوں کو کبھی بھلاتے نہیں۔2018ء کے انتخابات میں عوام خدمت کرنے والوں اورترقی کا سفر روکنے والوں کا فیصلہ اپنے ووٹ کی طاقت سے کریں گے۔ مسلم لیگ(ن) کی عوامی خدمت کی سیاست کے سامنے جھوٹ بولنے والوں کی کوئی حیثیت نہیں ۔جھوٹ ،انتشار اورمنافقت کی سیاست کرنے والوں کے دن گنے جاچکے ہیں۔ احتجاج اوردھرنوں کی قیمت اس غریب قوم کو چکانا پڑی ہے ۔دھرنے ،احتجاج اورانتشار کی سیاست کے علمبرداروں کو 2018ء میں اپنی منفی سیاست کا جواب مل جائے گا۔ عمران نیازی نے جھوٹ بولنے اور الزام تراشی کے عالمی ریکارڈ قائم کئے ہیں۔باشعور عوام اس لیڈر کی دروغ گوئی اور بہتان طرازی سے تنگ آ چکے ہیں حتیٰ کہ خیبرپی کے کے عوام بھی جھوٹ، یوٹرن اور بے بنیاد الزامات کی منفی سیاست سے بیزارہو چکے ہیں۔ آئندہ انتخابات میں دھرنا گروپ کو پشیمانی کے سوا کچھ نہیں ملے گا اور مسلم لیگ (ن) عوام کی حمایت سے آئندہ انتخابات میں اکثریت سے کامیاب ہو کر ترقی کے سفر کو مزید آگے بڑھائے گی۔ وزیراعلیٰ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے ملاقات کی جس میں سینیٹ الیکشن، سیاسی امور اور ترقیاتی پروگراموں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر قومی اسمبلی اور وزیر ریلویز نے منصوبوں میں 682 ارب روپے کی بے مثال بچت پر وزیراعلیٰ پنجاب کو مبارکباد دی۔ شہبازشریف نے کہاکہ عوام کی ترقی و خوشحالی کا سفر تیزی سے طے کررہے ہیں ۔ وسائل قوم کی امانت ہیں، ایک ایک پائی ان کی فلاح و بہبود پر خرچ کی جا رہی ہے۔تبدیلی کھوکھلے نعروں سے نہیںبلکہ عوام کی عملی خدمت سے آتی ہے۔ پنجاب آج ترقی کے میدان میں ایک منفرد حیثیت رکھتا ہے۔ تبدیلی کے نام نہاد دعویداروں کی کارکردگی عوام کے سامنے ہے۔ دوسروں پرتنقید کرنے والوں کی اپنے صوبے میں کارکردگی صفر ہے ۔ان عناصر نے صرف اور صرف بے بنیاد الزامات، جھوٹ اور منفی سیاست کی ہے۔ ساڑھے چار سال میں جھوٹ، الزامات اور یو ٹرن لینے والوں کو عوام معاف نہیں کریں گے۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کے دوران ان کے ترقیاتی ویژن اور صوبے کے عوام کیلئے شاندار خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ نے انتھک محنت سے فلاح عا مہ کے منصوبوں کو مکمل کیا ہے پنجاب کی ترقی اور رول ماڈل بن چکی ہے ۔

مزیدخبریں