اسلام آباد+ لاہور ( نامہ نگار +خصوصی رپورٹر+ دی نیشن رپورٹ) نیب راولپنڈی نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف العزیزیہ سٹیل اور فلیگ شپ انویسٹمنٹ کیسوں میں الگ الگ ضمنی ریفرنسز دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے بیان ریکارڈ کرانے کے لئے نیب راولپنڈی نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو آج طلب کر لیا۔ یہ ضمنی ریفرنسز لندن سے واپس آنے والی نیب کی تحقیقاتی ٹیم کے لائے گئے شواہد کی بنیاد پر تیار کئے جا رہے ہیں۔ نیب ذرائع کے مطابق اس حوالے سے میاں نواز شریف کو طلبی نوٹس بھی بھجوا دیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف العزیزیہ سٹیل اور فلیگ شپ انوسٹمنٹ کے ضمنی ریفرنسز تیار ہو رہے ہیں۔ ریفرنسز کے لئے ملزم کی طرف سے ان ثبوتوں کی تصدیق کرنا لازمی ہوتا ہے جس کے لئے اس کا بیان ریکارڈ کیا جاتا ہے اسی مقصد کے لئے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کو طلب کیا گیا ہے۔ ضمنی ریفرنسز نیب راولپنڈی میں تعینات ہونے والے ڈی جی عرفان نعیم منگی کی نگرانی میں تیار کئے جا رہے ہیں۔ عرفان نعیم منگی پانامہ کیس کی جے آئی ٹی میں نیب کی نمائندگی کر چکے ہیں اور وہ جے آئی ٹی کے اہم رکن کے طور پر کام کرتے رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق دونوں ضمنی ریفرنس آئندہ اسلام آباد کی احتساب عدالت میں دائر کر دیئے جائیں گے۔ ایون فیلڈ پراپرٹی کیس میں نیب پہلے ہی ضمنی ریفرنس دائر کر چکا ہے۔ دی نیشن کے مطابق عرفان منگی نے تحقیقاتی ٹیم کو ریفرنس کی تیاری کا کام تیز کرنے کی ہدایت کی ہے اور پہلے فلیگ شپ انوسٹمنٹ ریفرنس میں ضمنی ریفرنس تیار کیا گیا۔ واضح رہے کہ عرفان منگی کی طرف سے آج ہفتہ کو سرکاری چھٹی کے باوجود نواز شریف کو طلبی کا نوٹس بھجوایا گیا ہے۔ نیب راولپنڈی العزیزیہ ملز کے حوالے سے بھی ضمنی ریفرنس دائر کرے گا، ذرائع کے مطابق نیب نے حسین نواز کے ٹی وی انٹرویو کو ضمنی ریفرنس کا حصہ بنایا گیا ہے نیب کی طرف سے پیمرا سے پوچھنے پر بتایا گیا کہ اس کی ریکارڈنگ 90 روز تک محفوظ رکھی جاتی ہے جبکہ نیب نے شریف فیملی کے خلاف مواد 10 کمپنیوں سے حاصل کیا ہے ظاہر شاہ کی قیادت میں نیب ٹیم نے لندن جا کر مزید شواہد حاصل کئے جن کمپنیوں سے لندن میں معلومات لی گئیں۔ان میں فلیگ شپ انوسٹمنٹ ‘ ہیراسٹن پراپرٹیز لمیٹڈ‘ کیو ہولڈنگ لمیٹڈ‘ کوئنٹنٹن پلس لمیٹڈ‘ فلیگ شپ سکیورٹیز‘ فلیگ شپ ڈویلپمنٹ لمیٹڈ اور ہلٹرن انٹرنیشنل لمیٹڈ شامل ہیں ۔ ظاہر شاہ، رضوان اور محمد کامران پر مشتمل نیب ٹیم واپس آچکی ہے ان کے دورہ کے دروان نیب لندن ہائی کمشن کے ساتھ بھی رابطے میں رہا۔ سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کے دونوں صاحبزادے فلیگ شپ ریفرنس میں نامزد ہیں۔ قبل ازیں نیب لاہور بھی ایون فیلڈ ریفرنس میں ضمنی ریفرنس دائر کرچکا ہے۔ علاوہ ازیں سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے صدر محمد نواز شریف کو نیب راولپنڈی کی جانب سے آج (ہفتہ کو) طلبی کا نوٹس موصول ہو گیا ہے تاہم باخبر ذرائع کے مطابق وہ پیش نہیں ہونگے۔ ذرائع کے مطابق نوازشریف کا کہنا ہے کہ معاملہ عدالت میں ہے وہیں پر صفائی پیش کروں گا۔ واضح رہے کہ نوازشریف کو فلیگ شپ انوسٹمنٹ ریفرنس میں طلبی کا نوٹس بھجوایا گیا۔