چین نے آزادانہ تجارت کے سمجھوتے کے مرحلہ دوئم کے مذاکرات میں پاکستان کو آسےان طرز کی تجارتی مراعات دینے پر آمادگی ظاہر کر دی

Feb 10, 2018

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) چین نے آزادانہ تجارت کے سمجھوتے کے مرحلہ دوئم کے مذاکرات میں پاکستان کو آسےان طرز کی تجارتی مراعات دینے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔ سیکرٹری تجارت یونس ڈھاگہ کی قیادت میں پاکستان کے وفد نے چین میں مرحلہ دوئم مذاکرات پر پاکستان کے وفد کی قیادت کی۔ سیکرٹری تجارت نے پاکستانی برآمد کنندگان، صنعت و تجارت کے حلقوں کی طرف سے آزادانہ تجارت کے سمجھوتے کے مرحلہ دوئم کے لئے اپنے مطالبات دیئے تھے جو انہوں نے چینی حکام کے سامنے رکھے۔ ان میں سے سب سے اہم مطالبہ یہ تھا کہ پاکستانی برآمد کنندگان کو ویسی مراعات دی جائیں جو چین آسیان ممالک کو دے رہا ہے جسے چین نے تسلیم کر لیا۔ سیکرٹری تجارت نے چین کو تجویز کیا کہ مجوزہ معاہدہ میں ایک دوسرے کے ملک کی صنعت کو غیر ضروری دباﺅ سے بچانے کیلئے شقیں رکھی جائیں۔ چینی حکام نے انڈر انوائسنگ روکنے کے لئے الیکٹرانک ڈیٹا ایکسچینج پر آمادگی ظاہر کر دی۔ پاکستان چین آزادانہ تجارت کے مرحلہ دوم پر مارچ میں دستخط ہونے کا امکان ہے۔ اس سلسلہ میں چینی نائب وزیر تجارت اسلام آباد آئیں گے۔
چین/ آمادگی

مزیدخبریں