کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایم کیو ایم کی صفوں میں انتشار اور مذاکرات میں طویل ڈیڈ لاک پر سیاسی حلقے اپنے اپنے پٹارے کھول کر دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔ بعض تجزیہ نگاروں کا خیال ہے کہ ایم کیو ایم اور پاک سرزمین پارٹی ایک ہو جائیں گی۔ حالیہ بحران کے پس پردہ کوئی اور کہانی ہے جس کا اسکرپٹ رائٹر وہی ہے جس نے چند ماہ قبل پی ایس پی اور ایم کیو ایم کے انضمام کا اسکرپٹ لکھا تھا۔ ذرائع کے مطابق دیر یا بدیر ایم کیو ایم اور پاک سرزمین پارٹی ایک ہو جائیں گی۔ اس دوران گرینڈ الائنس بن جانے کا بھی امکان ہے جس میں آفاق احمد اور ڈاکٹر سلیم حیدر شامل ہوسکتے ہیں۔ ڈاکٹر فاروق ستار مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد اور پاک سرزمین پارٹی کے کارکنوں کو مدد کیلئے بلا چکے ہیں۔ مخالفین نے دعویٰ کیا ہے کہ پاک سرزمین پارٹی اور ایم کیو ایم (پاکستان) فاروق ستار گروپ کے درمیان رابطے قائم ہیں۔