لاہور(نمائندہ سپورٹس) پی ایچ اے کے ڈائریکٹر سپورٹس عامر ابراہیم کا کہنا ہے کہ لاہور ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن انتظامیہ کرکٹ گراؤنڈز بارے معاہدے کی پابندی نہیں کر رہی تھی یہی وجہ تھی کہ کرکٹ گراؤنڈز واپس لینے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس مسئلہ پر سب سے پہلے لاہور ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے سابق صدر خواجہ ندیم احمد نے وزیراعظم کو درخواست کی تھی کہ ایسوسی ایشن سے کرکٹ گراؤنڈز واپس لینے سے شہر کی کرکٹ کو نقصان پہنچے گا۔ پھر ہماری خواجہ ندیم احمد سے ملاقات ہوئی اس کے بعد ایل آر سی اے انتظامیہ سے بھی بات ہوئی۔ ہم نے انہیں بتایا کہ آپ معاہدے کی پاسداری نہیں کر رہے۔ کھیل کے میدانوں کا کمرشل استعمال ہو رہا ہے۔ گراؤنڈز کی دیکھ بھال نہیں کی جا رہی۔ پویلین ہم نے تعمیر کیے تھے ان پر توجہ نہیں دی جا رہی۔ ہمیں مختلف ذرائع سے معلوم ہوا کہ کرکٹ گراؤنڈز کی بکنگ شروع کر دی گئی ہے اور ایسوسی ایشن انتظامیہ کو کرکٹ دینے کا مقصد پورا نہیں ہو رہا۔ لوکل کلبز اور ٹیلنٹ کو مواقع دینے کے بجائے کمرشل استعمال شروع تھا۔