گجرات(نامہ نگار ) گجرات میں دربار شاہ جہانگیر کے ایریا میں محکمہ اینٹی کرپشن، محکمہ اوقاف کا پولیس کے ہمراہ گرینڈ آپریشن، کروڑوں روپے مالیتی سرکاری اراضی واگزار کروا لی گئی۔ بلڈوزر چلا کر دربار کے گردونواح میں تعمیر کی گئی غیر قانونی عمارتوں اور کھوکھوں کو مسمار کر دیا گیا۔ سی آئی اے سٹاف کی عمارت بھی دربار کے قریب واقع ہے۔ تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے حکم پر سرکاری اراضی پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے۔ اس سلسلہ میں گجرات میں بڑی کارروائی کی گئی ہے۔ محکمہ اینٹی کرپشن، محکمہ اوقاف کے افسران نے پولیس کے ہمراہ گجرات میں شاہ جہانگیر دربار کے گردونواح میں سرکاری اراضی پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا۔ بلڈوزر لا کر ناجائز تعمیرات کو گرا دیا گیا، اس موقع پر چند افراد نے مزاحمت بھی کی تاہم پولیس نے فوری طور پر حالات کنٹرول کر لیے اور انہیں گرفتار کر لیا گیا۔ محکمہ اوقاف گوجرانوالہ کے زونل ایڈمنسٹریٹر شاہد حمید ورک کی سربراہی میں پولیس کی مدد سے گجرات میں دربار شاہ جہانگیر پر آپریشن کیا گیا۔ عابد حسین نامی ایک شخص کو قبضہ گروپوں کا سرغنہ بتایا گیا ہے جس کے خلاف تھانہ اینٹی کرپشن میں مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ محکمہ اوقاف کی 3 کنال 16 مرلہ سرکاری اراضی پر قبضہ گروپوں نے کافی عرصہ سے قبضہ کر رکھا تھا اور ناجائز طور پر قبرستان کے گردونواح میں غیر قانونی عمارتیں بھی تعمیر کر رکھی تھیں۔ بڑی تعداد میں کھوکھے بھی بنائے گئے تھے، جن کا کرایہ قبضہ گروپ ہی وصول کر رہے تھے۔ یاد رہے کہ دربار کے سامنے سی آئی اے سٹاف کی بلڈنگ بھی ہے، اس بلڈنگ کی تعمیر کے حوالے سے بھی سرکاری ادارے غور کر رہے ہیں۔
گجرات : دربار شاہ جہانگیر کے ایریا میں گریٹر آپریشن، سرکاری اراضی واگزار
Feb 10, 2019