پاکستان پینل کوڈ1860 اور کریمینل پروسیجرکوڈ 1898میں ترمیم کا بل پنجاب اسمبلی میں پیش

Feb 10, 2019

لاہور(نیوزرپورٹر) تحریک انصاف نے کمسن بچوں کو بھیک مانگنے کی غرض سے استعمال کرنے پر پابندی کیلئے پاکستان پینل کوڈ1860 اور کریمینل پروسیجرکوڈ 1898 میں ترمیم کا بل پیش پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دیا۔ دی پنجاب کریمینل لاء (ترمیمی )بل2018 رکن اسمبلی مسرت جمشید چیمہ کی جانب سے جمع کرایا گیا ہے ۔اس بل کے ذریعے پاکستان پینل کوڈ1860 میں سیکشن 364-A کے بعد نئے سیکشن364-Bکے اضافہ اور اس کے ساتھ ساتھ کریمینل پروسیجر کوڈ1898 کے شیڈولII میں بھی سیکشن364-A کے بعد 364-B کے اضافہ کی ترمیم کی تجویز کی گئی ہے۔بل کے تحت 14سال سے کم عمر کے بچوں سے بلواسطہ یا بلاواسطہ بھیک منگوانے کا عمل ناقابل ضمانت جرم تصور ہوگا اور اس جرم پر جرمانے کے ساتھ ساتھ 5سال سے 10 سال تک بامشفت سزا تجویز کی گئی ہے۔ بل کے متن میں کہا گیا ہے کہ بھکاری اپنے کمسن بچوں یا اغوا کر کے یاکسی اور طریقے سے پکڑ کر ان کے جسم کے کسی حصے کو نقصان پہنچا کر یا معذور بنا کر یا نشہ دے کران سے بھیک منگواتے ہیں اس کی روک تھام کے لیے جزا و سزا کے قوانین کو سخت سے سخت ہونا چاہیے ۔ متن میں کہا گیا ہے کہ 364-Bکی ترمیم تجویز کرنے کا مقصد یہ ہے کہ بچوں کے حقوق کے تحفظ کویقینی بنایا جائے۔

مزیدخبریں