کابل (نوائے وقت رپورٹ) افغانستان میں بمباری اور جھڑپوں میں 35 طالبان، 6 پولیس اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ وردک میں فضائی حملے میں 11 طالبان مارے گئے۔ لوگر میں 2، کنڑ میں ایک، ارزگان میں 7 عسکریت پسند مارے گئے ہیں۔ صوبہ تخار کے ضلع گھار میں طالبان نے ایک پولیس چوکی کو حملے کا نشانہ بنایا۔ پولیس نے بھی جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں 8 طالبان اور 6 پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے۔ دریں اثنا صوبہ غزنی میں ضلع قارایاخ میں بھی سکیورٹی فورسز نے طالبان کے ٹھکانے کو حملے کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں اہم کمانڈر سمیت 6 عسکریت پسند ہلاک ہو گئے ہیں۔ 2 گاڑیاں بھی تباہ کر دی گئیں۔ پکتیا میں غیر ملکی دہشت گردوں سے تعلق کے الزام میں 3 ملزم پکڑے گئے۔