کٹھ پتلی حکمران طوطا کہانیوں سے عوام کو گمراہ نہیں کرسکتے، ڈاکٹر نفیسہ شاہ

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کی سیکریٹری اطلاعات و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے عمران خان کے خطاب کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ کٹھ پتلی جھوٹی طوطا کہانیوں سے عوام کو مزید گمراہ نہیں کر سکتے۔ آصف علی زرداری پر الزام تراشی کرنے والوں کو ہمیشہ شرمندگی نصیب ہوئی ہے۔ لندن اور سوئٹزرلینڈ کی عدالتوں میں آصف علی پر کوئی الزام ثابت نہیں ہوا جبکہ کرپشن عمران خان کو خاندانی ورثے میں ملی ہے۔ عمران خان کے والد پر کرپشن کا الزا م ثابت ہو ا تھا اس لئے انہیں ملازمت سے فارغ کیا گیا تھا جبکہ عمران خان اپنی بہن سمیت چندے کے پیسے چوری کرنے میں پکڑے گئے ہیں۔ ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ کٹھ پتلی خود چوری کئے ہوئے چندے پر پل رہے ہیں جو خود چندے اور چوری پہ گزارا کرتا ہو وہ عوام کو کیا دے گا؟ ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ ضیاء کی باقیات کے بعد مشرف کی باقیات نے بھی احتساب کو انتقام کا ذریعہ بنایا ہوا ہے۔ پیپلزپارٹی پارٹی سیکریٹری اطلاعات نے کہا کہ غریب عوام پر مہنگائی کا بوجھ ڈالا جا رہا ہے جبکہ سلیکٹڈ وزیراعظم اپنے حامی سرمایہ داروں اربوں روپے تقسیم کر رہے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن