لاہور ( سپیشل رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکومت ہر روز اپنی نااہلی اور بچگانہ حرکتوں سے ایک سے بڑھ کر ایک لطیفہ بنارہی ہے ۔ حکمرانوں میں فیصلے کی قوت ہے نہ ڈلیور کرنے کی صلاحیت ۔ وزیراعظم تین وزراء کو تبدیل کر کے کہتے ہیں تبدیلی آگئی حالانکہ چھ ماہ کی کارکردگی دیکھی جائے تو پوری کابینہ کو تبدیل ہونا چاہیے ۔ موجودہ حکومت میں آٹھ وزراء مشرف دور کے باقی پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ کے ہیں جس طرح وہ حکومتیں ناکام ہوئی تھیں۔ وزیراعظم کہتے تھے کہ میری حکومت عوام سے کبھی جھوٹ نہیں بولے گی مگر ساہیوال واقعہ میں پنجاب حکومت نے عوام سے آٹھ مرتبہ جھوٹ بولا ۔ ناحق قتل کرنے والے اللہ کے غضب سے بچ نہیں سکتے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے لالہ موسیٰ میں النجاۃ اسلامک سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب بعدازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے کیا ۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی شمالی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم ، صدر جے آئی کسان نثار احمد ایڈووکیٹ ، سید ضیاء اللہ شاہ اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف بھی موجود تھے ۔ تقریب میں معززین علاقہ اور شہریوںکی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ عوام تبدیلی کے لیے ووٹ دیتے ہیں مگر حالات پہلے سے بھی زیادہ بگڑ جاتے ہیں ۔ ستر سال سے عوام کی گردنوں پر ایک ہی ٹولہ مسلط ہے اس ٹولے نے عوام کی خوشیاں چھین لی ہیں اور قیام پاکستان کے عظیم مقصد کو پس پشت ڈال دیا گیا۔ پاکستان مدینہ کے بعد کلمہ اور نظریہ کی بنیاد پر قائم ہونے والی دوسری مملکت تھا جس کے لیے لاکھوں لوگوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا لیکن پاکستان کے اقتدار پر قابض انگریز کے غلاموں نے ان عظیم قربانیوں اور لاکھوں شہدا کے خون سے بے وفائی کی۔
نااہلی اور بچگانہ حرکتوں کے باعث حکومت روزانہ ایک لطیفہ بنا رہی ہے : سراج الحق
Feb 10, 2019