کبڈی ٹیموں کی آمد سے ظہور الٰہی کا خواب پورا ہوگیا: پرویزالٰہی

لاہور(نیوز رپورٹر+سپورٹس رپورٹر) سپیکر پنجاب اسمبلی پرویزالٰہی نے کبڈی ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام مہمان ٹیموں کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتا ہوں، میری دعا ہے کہ یہ ایونٹ تاریخ رقم کرے، 42 سال پہلے ہمارے بزرگ چودھری ظہورالٰہی شہید نے پاکستان میں اس کھیل کی بنیاد رکھی تھی اور ہر سال باقاعدہ میچ کرواتے تھے، آج بھارت، انگلینڈ، آسٹریلیا، کینیڈا، آذربائیجان، جرمنی، ایران، کینیا، سیرا لیون کی ٹیموں کی پاکستان آمد نے ان کا خواب سچ کر دکھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، سپورٹس بورڈ پنجاب اور پاکستان کبڈی فیڈریشن کا بڑا اہم کردار ہے، کبڈی ہماری ثقافت ہے دیہاتوں میں کبڈی بڑے شوق سے کھیلی اور دیکھی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ محمد علی مرحوم اور موجودہ سیکرٹری رانا محمد سرور کا کبڈی کو مقبول کھیل بنانے میں بڑا رول ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا نام بھائی چارے کے نام پر جانا جاتا ہے، کرکٹ کے بعد کبڈی بھی پاکستان میں بہت مقبول ہو گا۔ صدر پاکستان کبڈی فیڈریشن چودھری شافع حسین نے استقبالیہ خطاب میں کہا کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کے انعقاد کو ممکن بنانے پر وزیراعلیٰ پنجاب، سپیکر پنجاب اسمبلی اور صوبائی وزیر کھیل مبارکباد کے مستحق ہیں۔ بعد ازاں وزیراعلیٰ نے سپیکر پنجاب اسمبلی اور صدر کبڈی فیڈریشن چودھری شافع حسین کو یادگاری شیلڈ پیش کی جبکہ صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور بھٹی نے بھی وزیراعلیٰ اور سپیکر کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔

ای پیپر دی نیشن