لاہور(نامہ نگار)سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید نے ورلڈ کبڈی ٹورنامنٹ کے موقع پر پنجاب سٹیڈیم کا دورہ کر کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ یا۔ ڈی آئی جی آپریشنز رائے بابر سعید نے سی سی پی او کو بریفنگ دی۔ سی سی پی او لاہور نے سکیورٹی پلان پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ کپ کے پرامن انعقاد کے لئے 5 ہزار سے زائد پولیس افسر اور جوان تعینات کئے گئے ہیں۔ 18 ایس پیز، 31 ڈی ایس پیز، 76 سب انسپکٹرز، 367 جونئیر افسر بھی نگرانی کر رہے ہیں۔ بلند عمارتوں پر سنائپرز کو لگایا گیا ہے۔ سی سی ٹی وی کیمروں سے پنجاب سٹیڈیم کے اطراف کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ ذوالفقار حمید نے حال ہی میں پاکستان بنگلہ دیش ٹی ٹونٹی سیریز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ لاہور میں بین الاقوامی کھیلوں کے فروغ کے لئے پرعزم ہیں۔ خوشی ہے کہ یکے بعد دیگرے اہم ایونٹس لاہور میں ہو رہے ہیں۔ اگلے مرحلے کے لئے لاہور پولیس پی ایس ایل میچز کی تیاری کر رہی ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز رائے بابر سعید نے اس موقع پر کہا کہ بین الاقوامی ایونٹس کے لئے تیار کئے گئے پلان میں اس بات کا خاص خیال رکھا جاتا ہے کہ شہریوں کو کم سے کم زحمت اٹھانا پڑے۔