لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ 2020 کیلئے میچ آفیشلز کا اعلان کر دیا ۔ 20 فروری سے 22 مارچ تک جاری رہنے والے ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں رچرڈ ایلنگورتھ اور فیصل خان آفریدی امپائرنگ کی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔ 34 میچز پر مشتمل ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے مابین نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائیگا۔ سری لنکا کے روشن ماہانامہ ایونٹ کے افتتاحی میچ کے ریفری جبکہ آصف یعقوب تھرڈ اور سید امتیاز اقبال فورتھ امپائر ہوں گے۔ رچرڈ ایلنگورتھ سمیت 3 غیر ملکی امپائرز 4 مختلف شہروں کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں شیڈول 34 روزہ ایونٹ میں امپائرنگ کریں گے۔ سری لنکا کے رینمور مارٹینیز ایونٹ کے تیسرے میچ میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے۔ لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے درمیان میچ قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائیگا۔ ابتدائی طور پر 9 میچوں کیلئے امپائرنگ پینل کا حصہ بننے والے مائیکل گف 6 مارچ کو کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کے درمیان میچ سے ایونٹ میں اپنے سفر کا آغاز کریں گے۔ تین مرتبہ آئی سی سی امپائر آف دی ائیر کا اعزاز جیتنے والے علیم ڈار بھی پی ایس ایل کا حصہ ہوں گے۔ وہ بین الاقوامی مصروفیت کے باعث گذشتہ ایڈیشن میں شرکت نہیں کرسکے تھے۔علیم ڈار 10، 11 اور 15 مارچ کو شیڈول میچوں میں امپائرنگ کریں گے۔ 15 امپائرز پر مشتمل فہرست میں 5 نئے چہرے پہلی مرتبہ پی ایس ایل کا حصہ بنے ہیں۔ اسلم بڑیچ، ماجد حسین، ناصر حسین، ثاقب خان اور سید امتیاز اقبال ٹورنامنٹ میں فورتھ امپائر کے فرائض انجام دیں گے۔ ابتدائی طور پر لیگ کے 30 میچوں کے لیے اعلان کردہ آن فیلڈز امپائرز میں علیم ڈار، احسن رضا، رچرڈ ایلنگورتھ، مائیکل گف، رینمور مارٹینیز ، آصف یعقوب، فیصل خان آفریدی، راشد ریاض، شوزب رضا اورطارق رشید کے نام شامل ہیں۔روشن ماہانامہ، محمد انیس، جاوید ملک اور عزیزالرحمٰن میچ ریفریز ہوں گے۔ کوالیفائر، 2 ایلیمنٹرز اور ایونٹ کے فائنل کیلئے میچ آفیشلز کا اعلان بعد میں کیا جائیگا۔