لاہور(سپورٹس ڈیسک )نوجوان فاسٹ بائولرنسیم شاہ کی شاندار باؤلنگ کی بدولت پاکستان نے بنگلہ دیش کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ پر گرفت مضبوط کر لی ہے اور اسے میچ میں اننگز کی فتح کیلئے مزید 4وکٹیں درکار ہیں۔راولپنڈی میں کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن پاکستان نے 342رنز تین کھلاڑی آؤٹ سے اپنی پہلی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو دن کی دوسری ہی گیند پر بابر اعظم اپنے گزشتہ سکور میں بغیر کسی اضافے کے پویلین لوٹ گئے، انہوں نے 18 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 143رنز بنائے۔بنگلہ دیش نے عمدہ باؤلنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے دوسرے اینڈ پر موجود اسد شفیق کی اننگز کا بھی خاتمہ کردیا جو 65رنز بنانے کے بعد عبادت حسین کی وکٹ بنے۔حارث سہیل اور محمد رضوان کی ساجھے داری بھی 21رنز سے آگے نہ بڑھ سکی اور رضوان ایک مرتبہ پھر ناکامی کا شکار ہو کر صرف 10رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔یکے بعد دیگرے وکٹیں گرنے کے بعد حارث نے جارحانہ انداز اپنایا اور پاکستان کو 400رنز کے ہندسے تک رسائی دلانے کیساتھ ساتھ اپنی نصف سنچری بھی مکمل کر لی۔تاہم انہیں دوسرے اینڈ سے کوئی مدد نہ مل سکی اور یاسر شاہ کے بعد شاہین شاہ آفریدی بھی روبیل حسین کی وکٹ بن گئے۔بعد ازاں حارث سہیل ایک اور چھکا مارنے کی کوشش میں 75رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد پویلین لوٹ گئے، ان کی اننگز میں 2 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔اس کے بعد بنگلہ دیش کو پاکستان کی بساط لپیٹے میں زیادہ دیر نہ لگی اور نسیم شاہ کے رن آؤٹ ہونے کیساتھ ہی پاکستان کی پوری ٹیم 445رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور بنگلہ دیش کیخلاف پہلی اننگز میں 212 رنز کی بھاری برتری بھی حاصل کی۔ ابوجید اور روبیل حسین نے تین، تین جبکہ تیج الاسلام نے دو وکٹیں حاصل کیں۔بنگلہ دیش نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو گزشتہ اننگز کے برعکس اس مرتبہ اوپنرز نے بہتر کھیل پیش کیا اور پراعتماد انداز میں ٹیم کو 39رنز کا آغاز فراہم کیا۔اس مرحلے پر نسیم شاہ نے پاکستان کو پہلی کامیابی دلاتے ہوئے سیف حسن کی وکٹیں بکھیر دیں جو 16رنز ہی بنا سکے۔ابھی ٹیم کی نصف سنچری مکمل ہوئی ہی تھی کہ یاسر شاہ نے 34رنز بنانے والے تمیم اقبال کو پویلین واپسی پر مجبور کردیا۔53رنز پر دو وکٹیں گرنے کے بعد نجم الحسین شانتو اور کپتان مومن الحق کی جوڑی وکٹ پر اکٹھی ہوئی اور دونوں نے تیسری وکٹ کیلئے 71رنز کی شراکت قائم کی۔اس مرحلے پر ایسا محسوس ہوتا تھا کہ بنگلہ دیش کی ٹیم دن کے اختتام تک مزید کوئی وکٹ گنوائے بغیر ایک اچھے سکور کے ساتھ دن کا اختتام کرے گی لیکن نسیم شاہ نے تین ہی گیندوں میں بنگلہ دیش کے ارمانوں پر پانی پھیر دیا۔نوجوان فاسٹ باؤلر نے اپنے 8ویں اوور کی چوتھی گیند پر نجم الحسن شانتو کی 38رنز کی اننگز کے آگے فل سٹاپ لگا کر اہم شراکت کا خاتمہ کیا اور پھر اگلی ہی گیند پر نائٹ واچ مین تیج الاسلام کو بھی ایل بی ڈبلیو کردیا۔نوجوان فاسٹ باؤلر نے عمدہ باؤلنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے محمود اللہ ریاض کو سلپ میں کیچ کرا کر ہیٹ ٹرک کرنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔بنگلہ دیشی ٹیم ہیٹ ٹرک کے صدمے سے نکلی بھی نہ تھی کہ یاسر شاہ نے محمد مٹھن کو کھاتہ کھولنے کا موقع دیے بغیر ہی بولڈ کر کے دوسری وکٹ حاصل کی۔جب میچ کے تیسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو بنگلہ دیش نے 6وکٹوں کے نقصان پر 126رنز بنائے تھے اور اسے میچ میں اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے مزید 86رنز درکار ہیں۔ نسیم شاہ نے 4 جبکہ یاسر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔بنگلہ دیش نے اپنی پہلی اننگز میں233رنز بنائے تھے ۔
راولپنڈی ٹیسٹ: پاکستان 445 رنز پر آئوٹ، بنگلہ دیش مشکلات کا شکار
Feb 10, 2020