حکومت ہٹانے کیلئے غیرجمہوری طریقے کی حمایت نہیں کرینگے: کائرہ

شکرگڑھ (نامہ نگار) عمران خان نے قوم کو جھوٹ کا ٹیکہ لگا رکھا ہے سیاسی نا پختگی کے سبب ملک کی نیا ڈبونے میں لگے ہیں، حکومت کا جانا طے ہے لیکن غیر جمہوری طریقے کی حمایت نہیں کریں گے، حکومت مہنگائی مافیا کا ذکر کرتی ہے لیکن نشاندہی نہیں کرتے، پارلیمنٹ اور میڈیا کو غیر معتبرکر دیا گیا، کشمیری 190 دن سے محصور ہیں لیکن حکومت نے تقریروں کے سوا کچھ نہیں کیا۔ ان خیالات کا اظہار پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سابق وفاقی وزیر قمر زمان کائرہ نے شکرگڑھ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، وہ ممبر آزاد جموں کشمیر کونسل صدیق بھٹلی کے بیٹے کی دعوت ولیمہ میں لیگی رہنما دانیال عزیز چوہدری سابق وفاقی وزیر کے ہمراہ پہنچے تھے۔ پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما قمر الزمان کائرہ نے مزید کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کو ہر طرف سے سپورٹ ملی لیکن یہ حکومت چلانے میں مکمل ناکام ہو چکے ہیں۔ پیپلز پارٹی کسی غیر سیاسی تبدیلی کے خلاف ہے اور اس حکومت نے چند مہینوں میں جانا ہے جمہوری راستہ سے حکومت جائے گی تو پیپلزپارٹی مکمل تعاون کرے گی۔ کشمیر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 190 دن سے کشمیری محصور ہیں حکومت نے تقریروں کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔ سعودی عرب سمیت کشمیر پر دنیا کا کوئی ملک ہمارے ساتھ نہیں، قمر زمان کائرہ نے کہا کہ کشمیریوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ عمران خان حکومت میں بیٹھ کر اپوزیشن کی تقریریں کرتے ہیں۔ سندھ میں آئی جی کے حوالے سے کہا کہ پنجاب میں 5 آئی جی تبدیل ہوئے لیکن سندھ کے لیے دوہرا معیار ہے. یہ جعلی تبدیلی ہے جو اپنی موت آپ مرے گی اور صل تبدیلی جمہوری طریقے اور اقدار سے آئے گی. بزدار کی تبدیلی اہم نہیں عمران خان کی تبدیلی اہم ہے. مہنگائی کے بارے میں کہتے ہیں منظم مافیا مہنگائی کر رہا ہے نشاندہی کریں۔

ای پیپر دی نیشن