راولپنڈی ( سپورٹس ڈیسک) سپورٹس سرگرمیاں درسگاہوں کی پہچان اور نو نہالوں کے ماتھے کا جھومر ہیں ، کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دے کر صحت مند مثالی معاشرے کا خواب شرمندہ تعبیر کیا جا سکتا ہے، اساتذہ کرام اور والدین تعلیم و تربیت کیساتھ صحت مندانہ اور سپورٹس سرگرمیوں کی سرپرستی کا اہتمام کریں ۔ ان خیالات کا اظہار سی ای او ( ایجوکیشن ) اعظم کاشف نے نیو صدیق پبلک سکو ل سٹلائت ٹائون کے چوتھے سالانہ سپورٹس گالا2020کی افتتاحی تقریب میں کیا ۔ ایونٹ میں سابق سپورٹس ڈائریکٹر بارانی یونیورسٹی آغا سلیم الدین خلجی، ڈپٹی سیکرٹری فیڈرل بورڈ ملک سہیل محمود اور ایونٹ انچارچ راجہ قاسم بنٹی سمیت سماجی ، عوامی اور کاروباری حلقوں کی نمائندہ شخصیات موجود تھیں ۔ سپورٹس گالا شالیمار کلب میں صبح نو بجے سے دوپہر دو بجے تک جاری رہا، سپورٹس میلے میں ایک ہزار نونہالوں نے مقبوضہ کشمیر کے طلباء وطالبات کو سلام عقیدت پیش کیا۔ اپنے کلیدی خطاب میں مہمان خصوصی اعظم کاشف نے سپورٹس سرگرمیوں کا چراغ روشن رکھنے کی حامل درسگاہوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کھیل صحت کیساتھ مثالی معاشرے کے قیام کا بھی سبب ہیں ۔ مقام شکر ہے کہ ہمارے سپورٹس گرائونڈ آباد ہورہے ہیں ، انہوں نے پرنسپل ڈاکٹر حسن ظہور عبا سی ، پرنسپل گرلز سیکشن تہمینہ اسلم اورانکی تدریسی ٹیم کو خوبصورت اور منظم ایونٹ کے انعقاد پر مبارک باد دی۔ اس سے قبل میزبان ڈاکٹر حسن ظہو ر عبا سی نے کہا کہ25 برس قبل بانی چیئرمین مرحوم پروفیسر ظہور عباسی نے چند سٹوڈنٹس سے جس تعلیمی سفر کا آغاز کیا آج ماشاء اللہ وہ طلباء وطالبات کا کارواںبن چکا ہے ، مذید کہا کہ تعمیری اور سپورٹس سرگرمیاں نیو صدیق سکول کے اکیڈمک کیلنڈر کا حصہ بن چکی ہیںَ۔آخر میں مہمان خصوصی اعظم کاشف اور ڈاکٹر حسن ظہور عباسی نے مختلف مقابلوں مے پوزیشن ہولڈز میں انعامات‘ اعزازات اور تعریفی سرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔