ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک (اے آئی آئی بی)نے کہا ہے کہ وہ چین میں عوامی صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مدد فراہم کرنے کے لئے قرضے دینے کو تیار ہے تاکہ اس ملک کی فوری اور طویل المیعاد عوامی صحت کی ضروریات کو پورا کیا جاسکے۔بینک نے پیر کے روز اپنی ویب سائٹ پر جاری ایک بیان میں کہاہے کہ وہ چینی حکام کے ساتھ موثر بات چیت میں مصروف ہے تاکہ ہنگامی عوامی صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کیا جاسکے۔اے آئی آئی بی کے صدر جن لی چھون نے کہا ہے کہ اب جب کہ نوول کورونا وائرس وباءکے مکمل اثرات تاحال نامعلوم ہیں تو ایسے میں ہم اپنی ذمہ داری ادا کرناچاہتے ہیں تاکہ چینی باشندوں کی اس وباءکے پھیلنے سے روکنے میں مدد فراہم کی جا سکے۔بینک چینی حکومت کے ساتھ مل کرعوامی صحت کے بنیادی ڈھانچے میں موثر سرمایہ کاری کی نشاندہی کرے گا۔انہوں نے کہا کہ اے آئی آئی بی دوسرے کثیر الجہتی ترقیاتی بینکس، نجی شراکت داروں، اور دیگر کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے تاکہ چین اور دیگر ارکان کو وبائی امراض سے نمٹنے کے اقدامات اور عوامی صحت کی ہنگامی حالات میں مدد فراہم کرسکیں۔جن کے مطابق اس قسم کی سرمایہ کاری سے نہ صرف چینی شہریوں کی صحت میں بہتری آئیگی بلکہ اس کے ساتھ ساتھ بیماریوں کی روک تھام اور تعلیم کے حوالے سے اس کے عالمی سطح پر اثرات مرتب ہوں گے ۔اے آئی آئی بی ایک کثیر الجہتی ترقیاتی بینک ہے جس کا مقصد ایشیا بحرالکاہل کے خطے میں بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کو مدد فراہم کرنا ہے۔