اسلام آباد(نا مہ نگار)جوڈیشل کمپلیکس میں زیر سماعت کیسزکی سماعت وکلا کی عدم موجودگی کے باعث بغیر کاروائی ملتوی کردی گئی۔منگل کو احتساب عدالت کے جج محمد اعظم خان کی عدالت میں زیر سماعت سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی وغیرہ کے خلاف ایل این جی ریفرنس میں شاہد خاقان عباسی اور نیب پراسیکیوٹر عثمان مسعود عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ عدالت نے سماعت 16فروری تک ملتوی کر دی، اسی عدالت میں زیر سماعت سابق وزیر اعظم شوکت عزیز وغیرہ کے خلاف ریفرنس کی سماعت 22 فروری جبکہ سابق چیئر مین سی ڈی اے فرخند اقبال وغیرہ کے خلاف ریفرنس کی سماعت24 فروری تک کیلئے ملتوی کردی گئی، احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی عدالت میں زیر سماعت توقیرصادق وغیرہ کے خلاف اوگرا کرپشن ریفرنس کی سماعت25فروری تک ملتوی کردی گئی، ادھر احتساب عدالت کے جج سید اصغر علی کی عدالت میں زیر سماعت سابق اکانٹس افسر طفیل قاضی وغیرہ کے خلاف ریفرنس کی سماعت یکم مارچ تک اور سابق ڈی جی نیب کرنل صوبہ صادق اور مرزا شفیق وغیرہ کی بریت درخواستوں پر دلائل 17فروری تک کیلئے ملتوی کردیئے گئے۔